کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت 3افراد کو قتل کردیا گیا

بدھ 22 اکتوبر 2014 07:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22اکتوبر۔2014ء)کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت 3افراد کو قتل کردیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے 7نمبر میں واقعہ ماما ہوٹل پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان ہلاک ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی ۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت حنیف کے نام سے ہوئی ہے جو متحدہ قومی موومنٹ یونٹ 116کا کارکن تھا ۔

(جاری ہے)

کلاکو ٹ تھانے کی حدود لیاری سنگولین میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا ،اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر سول اسپتال منتقل کیا ۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 55سالہ یار محمد ولد محمد بچل کے نام سے ہوئی ہے ۔لیاقت میں باب ہاشمی امام بارگاہ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 28سالہ بشارت ولد قمر علی زخمی ہوا جسے نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔