اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں و ڈیلی الاؤنس میں اضافے کا کوئی بل زیرغور نہیں، ترجمان،سپیکر نے اسے رد کر دیا‘ چار ماہ قبل ختم ہو جانے والے ایشو کو آج کے تناظر میں پیش کرنا درست نہیں

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 08:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اکتوبر۔2014ء) سیکرٹری پنجاب اسمبلی کے ترجمان نے اس خبر کی تردید کی ہے کہ اراکین پنجاب اسمبلی کی بنیادی تنخواہ 60 ہزار روپے کرنے کا مطالبہ اور ڈیلی الاؤنس 650روپے سے بڑھا کر 5000روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خبر کو جس انداز میں پیش کیا گیا ہے وہ قطعی طور پر درست نہیں۔ ایسا کوئی معاملہ پنجاب اسمبلی کے بزنس میں شامل نہیں اور نہ ہی ایسا کوئی بل زیرغور ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں 23جون 2014ء کو ایک ممبر اسمبلی کی جانب سے بل جمع کرایا گیا تھا جسے سپیکر پنجاب اسمبلی نے رد کر دیا تھا اور یوں اس بل کو اسی وقت سے مسترد تصور کیا جانا چاہیے تھا ۔ کیونکہ پنجاب اسمبلی کی طرف سے بھی متعلقہ رکن اسمبلی کو جولائی میں اس ضمن میں باقاعدہ آگاہ کر دیا گیا تھا کہ آپ کا یہ معاملہ ایجنڈے میں شامل نہیں ہو سکتا۔ترجمان نے کہا کہ چار ماہ قبل ختم ہو جانے والے ایشو کو آج کے تناظر میں پیش کرنا کسی طور بھی درست نہیں۔