ہاکی کے کھلاڑیوں کو پولیس میں بھرتی کرنے کا منصوبہ تیار،کھلاڑیوں کو پولیس اور دوسرے سرکاری محکموں میں ملازمتیں دی جائیں گی، رانا مشہود احمد خان،2006ء کے بعد پولیس میں کھلاڑیوں کی بھرتی کیلئے سفارشات تیار کرلیں، پیر کو وزیراعلیٰ شہباز شریف کو پیش کی جائیں گی،پنجاب حکومت نے فیصلہ کرلیا کوئی کھلاڑی بیروزگار نہیں رہے گا ، کھلاڑیوں کو ملازمتیں دینے کیلئے الگ کیڈر بنایا جارہا ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کی پریس کانفرنس

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 08:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اکتوبر۔2014ء) صوبائی وزیر کھیل رانا مشہودا حمد خاں نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو پولیس اور دوسرے محکموں میں سرکاری ملازمتیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 2006ء کے بعد پہلی بارپنجاب پولیس میں کھلاڑیوں کو ملازمتیں دینے کیلئے تمام سفارشات تیار کرلی ہیں جو پیر کے روز وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو پیش کی جائیں گی، پولیس کے بعد پنجاب کے دیگر محکموں میں بھی کھیلوں کے الگ شعبے قائم کئے جائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپورٹس بورڈ پنجاب میں پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور اور ایم پی اے طحیا نون بھی موجود تھیں، رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کی مالی حالت کو بہتر کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ وہ معاشی فکرسے آزاد ہوکر کھیلیں،2006ء کے بعد پہلی بار پنجاب پولیس میں کھلاڑیوں کو ملازمتیں دینے کیلئے سفارشات تیار کرلی گئی ہیں جن کو پیر کے روز وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو پیش کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ ابتدائی طور پر 20کھلاڑیوں کوملازمتیں دی جائیں گی۔ پنجاب کے تمام سرکاری محکموں میں کھیل کا الگ شعبہ قائم کیا جائے گا۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب پہلے ہی ہدایت جاری کرچکے ہیں۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف ہاکی کے فروغ اور ترقی کیلئے بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں گراس روٹ لیول سے نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کیلئے بھی وزیراعلیٰ نے خصوصی ہدایات جاری کر رکھی ہیں، ایشیئن گیمز میں سلور میڈل حاصل کرنا پنجاب حکومت کی ہاکی فیڈریشن کیساتھ تعاون کا ثمر ہے۔

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اب کوئی بھی کھلاڑی بیروزگار نہیں رہے گا۔ پنجاب کے تمام سرکاری محکموں میں سپورٹس کے الگ کیڈر بنائے جا رہے ہیں جس میں عالمی ایونٹس میں حصہ لینے اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے کھلاڑیوں کو اچھی ملازمتیں دی جائیں گی،

پنجاب حکومت سپورٹس کو بھرپور پروموٹ کررہی ہے اس سلسلہ میں سپورٹس بورڈ پنجاب اہم کردار ادا کررہا ہے، ہر قسم کے کھیل کے کھلاڑیوں کو سپورٹس بورڈ پنجاب تمام سہولتیں فراہم کر رہا ہے ،جن کھلاڑیوں کے پاس ٹیلنٹ ہے وہ آئے ہم ہر طرح سے اسے سہولت دیں گے اور اب پنجاب حکومت کھلاڑیوں کی ملازمتوں کا مسئلہ بھی حل کر رہی ہے، کھلاڑیوں کو چاہئے کہ وہ بھرپور محنت کریں اور دنیا میں پاکستان کی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریش کے صدر اختر رسول نے کہا کہ ہم پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ پنجاب کے مشکور ہیں کہ طویل عرصہ بعد پولیس میں کھلاڑیوں کو ملازمتیں دی جارہی ہیں اس سے نوجوان کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھے گا۔قبل ازیں سپورٹس بورڈ پنجاب میں صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خاں کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا جس میں کھلاڑیوں کو پولیس میں ملازمتیں دینے کے حوالے سے سفارشات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور، ایم پی اے طحیا نون، صدر ہاکی فیڈریشن اختر رسول، سیکرٹری رانا مجاہد، ایڈیشنل آئی جی سہیل خان، ڈائریکٹر لاء محسن عباس، ڈپٹی سیکرٹری ریگولیشن ملک مختیار نوں اور ڈپٹی سیکرٹری ہوم ڈاکٹر خرم نے شرکت کی۔