بنگلہ دیش:جماعت اسلامی کے رہنما مطیع الرحمان نظامی کو سزائے موت سنادی گئی ،جنگی جرائم سے متعلق قائم کردہ ٹریبونل نے قتل اور لوٹ مار کے الزام میں مطیع الرحمان نظامی کو سزائے موت کا حکم جاری کیا

جمعرات 30 اکتوبر 2014 05:59

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اکتوبر۔2014ء)بنگلہ دیش کی خصوصی عدالت نے جنگی جرائم کے الزام میں جماعت اسلامی کے امیرمطیع الرحمان نظامی کو سزائے موت سنادی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنگی جرائم سے متعلق خصوصی عدالت نے جماعت اسلامی بنگلادیش کے 71 سالہ رہنما مطیع الرحمان نظامی کو قتل،عصمت دری اور لوٹ مارکے الزامات پرسزائے موت کا حکم جاری کردیا جبکہ اس سے قبل خصوصی عدالت کے حکم پرجماعت اسلامی کے رہنما ملا عبدالقادرکو بھی پھانسی دے دی گئی تھی ۔

(جاری ہے)

مطیع الرحمان نظامی پر1971 کی جنگ کے دوران نسل کشی سمیت 16الزامات عائد کیے گئے تھے۔ ممکنہ پرتشدد واقعات کے پیش نظر ملک بھر میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ جنگی جرائم کی خصوصی عدالت پہلے بھی جماعت اسلامی کے متعدد رہنماؤں کو سزائیں سنا چکی ہے۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں عوامی لیگ کی حکومت نے 1971 میں پاک فوج کے ساتھ تعاون اور بنگالی عوام کے خلاف جرائم کے ذمہ داروں کے تعین اور انہیں سزا دینے کے لئے خصوصی ٹریبونل قائم کیا تھا جو جماعت اسلامی بنگلادیش کے رہنما علی احسن محمد مجاہد کو سزائے موت اور غلام اعظم کو90 سال قید کی سزا سنا چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :