نصاب تعلیم میں تبدیلی کے حوالے سے تحفظات دور کردیئے گئے ہیں اور نصاب تعلیم میں اسلامی اور تاریخی مضامین موجود ہیں،خیبر پختونخوا حکومت

جمعرات 30 اکتوبر 2014 03:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اکتوبر۔2014ء)خیبر پختونخوا حکومت نے واضح کیا کہ نصاب تعلیم میں تبدیلی کے حوالے سے تحفظات دور کردیئے گئے ہیں اور نصاب تعلیم میں اسلامی اور تاریخی مضامین موجود ہیں۔خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن ارکان جے یو آئی (ف) کے مفتی جانان کی جانب سے نصاب تعلیم میں تبدیلی کے حوالے سے اعتراضات کے جواب میں وزیرتعلیم خیبر پختونخوا عاطف خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خیبر پختونخوا حکومت نے نصاب تعلیم میں تبدیلی کے حوالے سے جو تحفظات تھے وہ دور کردیئے ہیں نصاب تعلیم میں اسلامی اورتاریخی واقعات شامل کئے گئے ہیں اور حکومت تعلیم کی بہتری کے لئے دور رس اقدامات اٹھا رہی ہیں نصاب تعلیم میں کسی قسم کی تبدیلی سے قبل تمام اپوزیشن اراکین سے تجاویز ضرور لی جائیں گی اور اپوزیشن کی تجاویز کے بعد ہی کسی قسم کی تبدیلی ضرورت ہوئی تو وہ تبدیلی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے کہاکہ خواندگی کی شرح اس صوبے میں بہت کم ہے اور حکومت تعلیم کو عام کرنے کے لئے اور غریب عوام کو مفت تعلیم فراہم کرنے کی غرض سے عملی اقدامات اٹھا رہی ہیں حکومت نے مختصر مدت میں تعلیمی اصلاحات میں کامیابی حاصل کی ہے اور صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کی بہتری کے علاوہ تعلیمی اداروں کے لئے اعلیْ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار ملازمین کوبھرتی کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں کسی قسم کی سفارش کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اساتذہ کی بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر کی جارہی ہے اور تعلیم کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :