سرمایہ داروں کا مزدوروں پر تشدد برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے، رضا ربانی ،عمران خان اورطاہر القادری ڈی چوک میں آسکتے ہیں تو مزدور یا محنت کش کیوں نہیں آسکتے۔ پوزیشن بھی مزدوروں ومحنت کشوں کے ساتھ ہے جس نے گولی چلانی ہے چلائے۔ سینٹ میں گفتگو، ایوان میں موجود متحدہ اپوزیشن کی محنت کشوں پر پولیس گردی ،تشدد،فائرنگ اور نجکاری کی بھرپور مذمت ، ایوان سے واک آؤٹ

جمعرات 30 اکتوبر 2014 03:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اکتوبر۔2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر میاں رضا ربانی نے سینٹ میں نادرا چوک کے پاس او جی ڈی سی ایل کے مزدوروں کے مظاہرہ پر پولیس کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ داروں کا مزدوروں پر تشدد برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے۔بدھ کے روز سینیٹ کے اجلاس کے دوران وقفہ نماز سے قبل انہوں نے کہا کہ نجکاری کے خلاف اور مزدوروں و محنت کشوں پر پولیس گردی کے خلاف متحدہ اپوزیشن اسمبلی کے باہر دھرنا دے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اورطاہر القادری ڈی چوک میں آسکتے ہیں تو مزدور یا محنت کش کیوں نہیں آسکتے۔میاں رضا ربانی نے کہا کہ نہتے محنت کشوں کا قصور صرف اتنا تھا کہ وہ او جی ڈی سی ایل کی نجکاری کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔نہتے مزدوروں پر لاٹھی چارج کیا گیا،آنسو گیس پھینکی گئی اور آخر میں فائر کھول دیا گیا جو کہ برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ سرمایہ دار حکومت کی جانب سے مزدوروں کو کچلنے کے اقدامات کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ او جی ڈی سی ایل124ارب روپے کا منافع دے رہی ہے تاہم اس کو پرائیویٹائز کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ اپوزیشن بھی مزدوروں ومحنت کشوں کے ساتھ ہے جس نے گولی چلانی ہے چلائے۔اس موقع پر ایوان میں موجود متحدہ اپوزیشن نے محنت کشوں پر پولیس گردی ،تشدد،فائرنگ اور نجکاری کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔