ایفیڈرین کیس ،حنیف عباسی اور ان کے بھا ئی سمیت 8ملزما ن پر فرد جرم عائد ،ملزمان کا صحت جرم سے انکار‘ عدالت نے آئندہ سماعت 12 نومبر مقرر کرتے ہوئے استغاثہ کے دس گواہان کو شہادت قلمبند کرانے کیلئے سمن طلبی جاری کردئیے،گواہان کی عدالت میں حاضری کو یقینی بنا نے کی ہدایت،اے این ایف کی جانب سے عائد کردہ الزامات کو عدالت میں غلط ثابت کروں گا، ایفیڈرین کوٹہ ادویات سازی میں استعمال کیا، حنیف عباسی

جمعرات 30 اکتوبر 2014 03:47

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اکتوبر۔2014ء) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج محمد اختر بہادر نے ایفیڈرین کوٹہ الاٹمنٹ کیس میں سابق رکن قومی اسمبلی و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنماء محمد حنیف عباسی‘ بھائی باسط عباسی سمیت آٹھ افراد پر فرد جرم عائد کردی ہے‘ اے این ایف نے حنیف عباسی اور دیگر افراد کیخلاف 27 جولائی 2012ء کو 500 کلوگرام ایفیڈرین کے غیرقانونی استعمال اور مطلوبہ ادویات تیار نہ کرنے کے الزامات میں نارکوٹکس ایکٹ کی دفعہ 9 سی کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

مقدمے میں محمد حنیف عباسی‘ باسط عباسی‘ کاروباری پارٹنر احمد بلال‘ غضنفر علی‘ سراج عباسی‘ ناصر خان‘ رانا محسن خورشید اور نزاکت خان کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے کے تفتیشی انسپکٹر اے این ایف سید امتیاز حسین شاہ نے اس مقدمے کی تفتیش کی جبکہ ایفیڈرین کیس کے لیگل ڈائریکٹر آغا صباء الحسن‘ سپیشل پراسیکیوٹر شاہد محمود عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز خصوصی عدالت نے سماعت کا آغاز کیا تو سابق رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی و ایف آئی آر میں نامزد دیگر ملزمان عدالت میں موجود تھے۔ حنیف عباسی نے عدالت سے استدعاء کی کہ وہ اس کیس کا قانونی طور پر سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ عدالت مقدمے سے متعلق ان پر فرد جرم عائد کرے وہ مقدمے کا سامنا کریں گے۔ عدالت نے اے این ایف کی جانب سے فراہم کردہ مقدمے کے چالان سے متعلق فرد جرم عائد کرتے ہوئے چارج شیٹ پڑھ کر سنائی جس پر حنیف عباسی اور دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

عدالت نے آئندہ سماعت 12 نومبر مقرر کرتے ہوئے استغاثہ کے دس گواہان کو شہادت قلمبند کرانے کیلئے سمن طلبی جاری کردئیے جبکہ اے این ایف کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان گواہان کی عدالت میں حاضری کو یقینی بنائے۔ دریں اثناء حنیف عباسی نے عدالت کے باہر مختصر گفتگو کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ان پر سیاسی طور پر مقدمہ بنایا گیا۔ انہوں نے جو بھی کوٹہ حاصل کیا اسے ادویات سازی میں استعمال کیا۔ اے این ایف کی جانب سے عائد کردہ الزامات کو عدالت میں غلط ثابت کروں گا۔ ہمیں عدالتوں پر اعتماد ہے۔

متعلقہ عنوان :