اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیراعظم یوتھ لون کی چیئرپرسن مریم نواز کی تقرری چیلنج، وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن مریم نواز کی تقرری سیاسی بنیادوں پر کی گئی، درخواست گزار

جمعرات 30 اکتوبر 2014 03:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اکتوبر۔2014ء) اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیراعظم یوتھ لون کی چیئرپرسن مریم نواز کی تقرری کو چیلنج کردیا گیا‘ یہ آئینی درخواست اسلام آباد کے رہائشی محمد عاشق بھٹی نے ایڈووکیٹ یاسر محمود چوہدری کے ذریعے عدالت میں دائر کی۔ درخواست میں وفاق بذریعہ سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن مریم نواز کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن مریم نواز کی تقرری سیاسی بنیادوں پر کی گئی ہے۔ آئین کے آرٹیکل 27 کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور حکومت نے سپریم کورٹ کے خواجہ آصف اور انیتا تراب کیس کے فیصلے کی بھی حکم عدولی کی ہے لہٰذا عدالت سے استدعاء ہے کہ وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن مریم نواز کی تقرری کو کالعدم قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے خواجہ آصف اور انیتا تراب کیس میں فیصلہ دیا تھا کہ حکومت تمام سرکاری و نجی کارپوریشن اداروں کے سربراہان کی تقرریاں میرٹ پر کرے اور اس سلسلے میں اخبارات میں باقاعدہ اشتہارات شائع کرایا جائے جبکہ حکومت نے وزیراعظم یوتھ لون سکیم چیئرپرسن کی تقرری کیلئے اخبارات میں کوئی اشتہار شائع نہیں کرایا۔

مریم نواز وزیراعظم پاکستان کی بیٹی ہیں جوکہ سیاست سے وابستہ ہیں اور پارٹی کے اجلاسوں میں وہ سیاسی بیانات بھی دے چکی ہیں۔ وزیراعظم یوتھ لون سکیم کو سیاسی بنیادوں پر استعمال کیا جارہا ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعاء کی گئی ہے کہ سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن کو احکامات جاری کئے جائیں کہ وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن مریم نواز کی تقرری کے نوٹیفکیشن بھی درخواست گزار کو مہیاء کریں۔