او جی ڈی سی ایل کے احتجاجی مظاہرین کو پولیس نے پارلیمنٹ ہاؤس جانے سے روک دیا،نادرا چوک کے قریب احتجاجی مظاہرین پر پولیس کا شدید لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ

جمعرات 30 اکتوبر 2014 03:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اکتوبر۔2014ء) او جی ڈی سی ایل کے احتجاجی مظاہرین کو پولیس نے پارلیمنٹ ہاؤس جانے سے روک دیا ، نادرا چوک کے قریب احتجاجی مظاہرین پر پولیس کا شدید لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی ، احتجاجی مظاہرین کی جانب سے پولیس پر جوابی پتھراؤ ۔ او جی ڈی سی ایل کی نجکاری کے خلاف احتجاج کرنے والے ادارے کے ملازمین کو پولیس نے پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب بڑھنے سے روک دیا اور نادرا چوک کے قریب پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسلام آباد پولیس کے افسران نے احتجاجی مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کرنے کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہے اس دوران رکن قومی اسمبلی جمشید دستی بھی وہاں پر پہنچ گئے اور احتجاجی مظاہرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا بعد ازاں احتجاجی مظاہرین نے پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب بڑھنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے ان پر لاٹھی چارج شروع کردیا اور آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی جس کے جواب میں مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا ۔ آنسو گیس کی شیلنگ سے مظاہرین منتشر ہوگئے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نادرا چوک اور پارلیمنٹ ہاؤس کے درمیانی راستے پر تعینات ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے پولیس نے ابھی تک کسی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی ۔