11 سال کی عمر سے نابینا خاتون کی بینائی معجزانہ طور پر واپس آگئی

ہفتہ 1 نومبر 2014 07:22

ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1نومبر۔2014ء)نیوزی لینڈ میں 11 سال کی عمر سے نابینا خاتون کی بینائی میز سے سر ٹکرانے کے بعد معجزانہ طور پر واپس آگئی۔مقامی ذرائع کے مطابق38 سالہ لیزا ریڈ کی بینائی ایک ٹیومر کے باعث چلی گئی تھی جو ان کے آپٹک نروو پر دباوٴ ڈال رہا تھا۔تاہم یہ سب اس وقت تبدیل ہوگیا جب وہ اپنے کتے ہو بوسہ دینے کے لیے جھکیں اور ان کا سر کافی ٹیبل سے ٹکرا گیا۔

(جاری ہے)

دوسرے دن جب وہ سوکر اٹھیں تو وہ دوبارہ دیکھ سکتی تھیں۔آسٹریلوی اخبار ڈیلی میل سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اس خوشی کو لفظوں میں بیان نہیں کرسکتیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو دوبارہ دیکھ پانا ان کے لیے تحفے سے کم نہیں۔آکلینڈ ناوٴ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن چیزوں کو ہم عام طور پر اہمیت نہیں دیتے جیسے گھاس کا رنگ یا آسمان کتنا نیلا ہے، یہ سب کچھ بہت خوبصورت ہے۔ریڈ قانونی طور پر ابھی بھی نابینا ہی ہیں تاہم سر میز پر ٹکرانے سے ان کی بینائی جزوی طور پر واپس آئی ہے۔