پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات 2013 کے انعقاد کے بعد آئین کے آرٹیکل 19 (رائٹ آف انفارمیشن ) کے تحت قومی اسمبلی وصوبائی اسمبلیوں کے ارکان کا فارم نمبر 14 الیکشن کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ نہ کرنے پر آئینی درخواست دائر کردی گئی

ہفتہ 1 نومبر 2014 06:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1نومبر۔2014ء )پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات 2013 کے انعقاد کے بعد آئین کے آرٹیکل 19 (رائٹ آف انفارمیشن ) کے تحت قومی اسمبلی وصوبائی اسمبلیوں کے ارکان کا فارم نمبر 14 الیکشن کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ نہ کرنے پر آئینی درخواست دائر کردی گئی ہے ۔ جمعہ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستا ن تحریک انصاف کے قائم مقام سیکرٹر ی جنرل سیف اللہ خان نیازی کی جانب سے ایڈوکیٹ شعیب شاہین ،عمیربلوچ اور محمد اویس کے زریعہ دائر کی گئی ہے ۔

درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سیکرٹری کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف کیا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے قومی وصوبائی سیٹیں حاصل کیں اور ووٹوں کے لحاظ سے پاکستان کی دوسر ی بڑی پارٹی بنی۔

(جاری ہے)

درخواست میں مزید موقف اختیا ر کیاگیا ہے کہ آرٹیکل 19 کے تحت ہر شہر ی کا بنیادی حق ہے کہ وہ قومی وصوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کو حاصل ہونے والے ووٹوں کے بارے میں معلوم کر سکے اور الیکشن کمیشن آف پاکستا ن کی ذمہ داری ہے کہ قومی وصوبائی حلقوں کے امیدواروں کے فارم نمبر 14 الیکشن کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ کردینا چاہیے۔

لیکن انتخابات کے انعقاد کے بعد ابھی تک فارم نمبر 14 سرکاری ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا اور شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ درخواست میں عدالت عالیہ سے استدعاء کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو احکامات جاری کیے جائیں کہ فارم نمبر 14 سرکاری ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ کیا جائے ۔ خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے امیدواروں کے فارم نمبر 14 سرکاری ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ کرنے کے حوالہ سے ایک آئینی لیٹر بھی لکھا گیا لیکن لیکشن کمیشن آف پاکستان نے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے ۔

امیدواروں کا فارم نمبر 14 سرکاری ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ نہ ہونے سے دھاندلی کے شکوک بھی مضبوط ہوتے جارہے ہیں جس کی وجہ سے پی ٹی آئی نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا ہے ۔پی ٹی آئی درخواست کی باقاعد ہ سماعت محر م الحرام کی چھٹیوں کے بعد ہوگی۔