پنجاب حکومت بیرونی سرمایہ کاری سے صوبے میں 150 میگاواٹ کے 10 کول پاور پلانٹس لگائے گی ،شہبازشریف چین کے تعاون سے لگنے والے کوئلے کے پلانٹس سپر کریٹیکل اور ماحول دوست ہوں گے، عوام کو سستی بجلی ملے گی،بیجنگ میں 19 معاہدوں سے پاک چین تعلقات کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے ،معاہدے چینی قیادت کا نواز شریف حکومت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہیں، معاہدوں پر پاکستان اور چین محنت اور عزم سے عملدرآمد یقینی بنائیں گیدھرنوں سے چینی صدر کا دورہ ملتوی کرانے کے خواہشمندوں کی خوشیاں عارضی ہیں، پاک چین دوستی کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوسکتی،محنت اور عزم سے دھرنوں کی سیاست سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا،وزیراعلیٰ کا بیجنگ میں چینی سرمایہ کاروں اور پاکستانی بزنس مینوں سے خطاب

اتوار 9 نومبر 2014 10:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9نومبر۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت بیرونی سرمایہ کاری سے صوبے میں 150 میگاواٹ کے 10 پاور پلانٹس لگائے گی اور ان پلانٹس سے کوئلے کے ذریعے بجلی پیدا ہوگی۔ پہلے مرحلے میں پاور پلانٹس میں غیرملکی کوئلہ اور دوسرے مرحلے میں ملکی کوئلہ استعمال ہوگا۔وہ بیجنگ میں چینی سرمایہ کاروں اور پاکستانی وفد کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پاک چین معاہدوں میں سرفہرست ہیں۔ بدقسمتی سے ماضی میں کوئلے سے توانائی کے حصول پر توجہ نہیں دی گئی لیکن موجودہ حکومت عوام کو سستے ذرائع سے توانائی فراہم کرنے کے حوالے سے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے لگنے والے کوئلے کے پلانٹس سپر کریٹیکل ہوں گے اور یہ سپر کریٹیکل جدید کول پاور پلانٹس ماحول دوست ہوں گے۔

کوئلے سے پلانٹس چلنے سے سستی بجلی کا حصول بھی ممکن ہوگا جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے مقامی کوئلے کی جدید مائننگ کی جائے گی اور حاصل ہونے والے کوئلے کو کول پاور پلانٹس میں استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں سے چینی صدر کا دورہ ملتوی کرانے کے خواہشمندوں کی خوشیاں عارضی ہیں۔ بیجنگ میں آج ہونے والے 19 معاہدوں سے پاک چین تعلقات کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔

آج ہونے والے معاہدے چینی قیادت کا پاکستان کے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ معاہدوں پر پاکستان اور چین محنت اور عزم سے عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ چین کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کو معیار، تیز رفتاری اور شفافیت کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اس امر کو بھی یقینی بنائے گی کہ تمام کام معقول نرخوں پر ہوں اور سرمایہ کاری کی ایک ایک پائی امانت سمجھ کر استعمال میں لائی جائے۔

انہو ں نے کہا کہ اس امر میں کوئی شک نہیں کہ معاہدوں پر عملدرآمد میں وقت لگے گا لیکن ہم محنت اور عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور دھرنوں کی سیاست سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوسکتی۔