بھارت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی شرٹ پہننے پر 10 کمسن بچے باغی قرار،پولیس نے ان کے خلاف قومی وقار کو نقصان پہنچانے اور معاشرے میں انتشار پھیلانے کا الزام لگا کر بغاوت کا مقدمہ درج کر لیا۔ جن 10 بچوں پر بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا ان کی عمریں10 سے 12 سال کے درمیان ہیں

اتوار 9 نومبر 2014 09:48

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9نومبر۔2014ء) بھارت میں انتہا پسند ہندو مسلمانوں اور خصوصا پاکستان سے کس قدر بغض رکھتے ہیں اس کی واضح مثال اتر پردیش پولیس نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی شرٹ پہننے والے معصوم بچوں کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کر کے دے دی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع کوشی نگر کے گاوٴں کلیان چھپڈ چھوٹا میں محرم الحرام کی مناسبت سے نکالے گئے روایتی ماتمی جلوس میں شریک کچھ بچوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی شرٹ پہن رکھی تھیں کہ پولیس نے ان کے خلاف قومی وقار کو نقصان پہنچانے اور معاشرے میں انتشار پھیلانے کا الزام لگا کر بغاوت کا مقدمہ درج کر لیا۔

جن 10 بچوں پر بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا ان کی عمریں10 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔ایس پی کوشی نگر للت کمار نے بچوں کے خلاف بغاوت کے مقدمے کی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے مزید معلومات دینے سے انکار کر دیا۔ دوسری جانب کوشی نگر کی انتظامیہ نے معاملے کو معمولی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کو جلد حل کر لیا جائے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل جب پاکستان نے بھارت کو 2014 میں ایک روزہ میچ میں شکست دی تھی تو پاکستان کی جیت کا جشن منانے والے درجنوں کشمیری طلباء کو بھارت سرکار نے تعلیمی اداروں سے فارغ کر دیا تھا۔