فیصل آباد : گیس کی سپلائی بند ہونے پر سینکڑوں ڈنڈا بردار خواتین اور بچوں ک نے (ن) لیگ کے چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹیکسٹائل حاجی محمد اکرم انصاری کے گھر کا گھیراؤ کرلیا، خواتین نے مسلسل حلقہ کے ایم این اے اور ایم پی اے کیخلاف نعرے بازی کرنے کے علاوہ ڈوگر چوک کو بلاک کردیا

پیر 17 نومبر 2014 08:26

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17نومبر۔2014ء) فیصل آباد میں گیس کی سپلائی بند ہونے پر سینکڑوں ڈنڈا بردار خواتین اور بچوں نے مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹیکسٹائل حاجی محمد اکرم انصاری کے گھر کا گھیراؤ کرلیا‘ خواتین مسلسل حلقہ کے ایم این اے اور ایم پی اے کیخلاف نعرے بازی کرنے کے علاوہ ڈوگر چوک کو بلاک کردیا‘ صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے میں ایشیاء کی سب سے بڑی کالونی غلام محمد آباد اور اس سے ملحقہ علاقوں مدن پورہ‘ رضا آباد‘ ڈوگر چوک اور دیگر علاقوں میں گذشتہ ایک ہفتے سے گیس کی سپلائی بند ہے جبکہ محکمہ سوئی گیس کا کہنا ہے کہ سی این جی پمپوں اور ٹیکسٹائل کی صنعتوں کو دوبارہ گیس کی بحالی کی پیش نظر گیس کی سپلائی میں پریشر کم ہوگیا ہے جس کی وجہ سے گیس کی سپلائی معطل ہے چنانچہ گذشتہ روز سینکڑوں افراد نے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ محکمہ سوئی گیس کے حکام سے رابطہ قائم کیا جنہوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ گھریلو گیس کی سپلائی کو بہتر بنائیں گے لیکن ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود گھروں کو گیس بالکل نہیں مل رہی جس کی وجہ سے گھروں کے چولہے بند ہونے سے ہر گھر کے بچے بوڑھے اور جوان نہ صرف پریشان ہیں بلکہ کھانے کیلئے شہر کے دیگر مقامات کے ہوٹلوں اور تندوروں سے روٹیاں پکوانے پر مجبور ہیں چنانچہ مسلسل حکومتی وعدے وعید کے بعد اتوار مسلسل گیس نہ ملنے کی وجہ سے خواتین اور بچے مشتعل ہوگئے جنہوں نے ڈنڈے اٹھا کر جلوس کی شکل میں ممبر قومی اسمبلی حاجی اکرم انصاری‘ صوبائی ممبر اسمبلی ملک محمد نواز کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی حاجی محمد اکرم انصاری کے گھر کا گھیراؤ کرلیا۔

(جاری ہے)

اس دوران ان کے گھر پر پتھراؤ کیا گیا۔ اطلاع ملنے پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے خواتین اور محلہ کے لوگوں سے مذاکرات کئے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ آئندہ چند گھنٹوں میں گیس کی سپلائی مکمل طور پر بحال کردی جائے گی۔ خبر رساں ادارے کے مطابق اس علاقے کو جانے والی سڑک پر چھ سے سات سی این جی پمپ ہیں جو گھریلو گیس کے پریشر بھی اپنی طرف منتقل کررہے ہیں جس کی وجہ سے اس علاقے کو سپلائی میں تعطل پیدا ہوگئی ہے۔