توجہ کلین سویپ نہیں دبئی ٹیسٹ پر مرکوز ہے، مصباح الحق،میزبان بولرز کے پاس ورائٹی موجود اور وہ ہمارے لیے چیلنج ثابت ہوئے ہیں، کیوی اوپنر

پیر 17 نومبر 2014 08:13

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17نومبر۔2014ء) کپتان مصباح الحق ابھی سے نیوزی لینڈ کے خلاف کلین سوئپ کے خواب دیکھنے کو تیار نہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہماری توجہ فی الحال دبئی ٹیسٹ پر مرکوز ہے، ہمارے لیے مشترکہ پرفارمنس زیادہ اہمیت رکھتی ہے، دوسری جانب کیویز گرین کیپس کو دباؤ میں لانے کے طریقے ڈھونڈنے لگے۔ ٹام لیتھام کا کہنا ہے کہ پاکستانی اسپنرزکو کھیلنا ناممکن نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ پیر سے دبئی میں شروع ہورہا ہے، پہلے مقابلے میں گرین کیپس نے شاندار کامیابی حاصل کی تھی تاہم کپتان مصباح الحق ابھی سے سیریز میں کلین سوئپ کی جانب دیکھنے کو تیار نہیں ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہمیں لازمی طور پر میچ در میچ لینا چاہیے، توجہ اس پر ہونی چاہیے جوچیز ہمارے سامنے ہیں چیزوں کو درست انداز میں انجام دینا اور اگر کچھ غلط ہے تو اس کو ٹھیک کرنا چاہیے، ہمارے لیے زیادہ اہم مشترکہ طور پر پرفارمنس پیش کرنا ہے صرف اسی صورت میں ہی آپ اپنے مطلوبہ نتائج حاصل کرسکتے ہیں، میں کبھی بھی وائٹ واشز پر یقین نہیں رکھتا، ہم صرف اگلے میچ پر توجہ دینا اور بنیادی چیزوں پر عمل پیرا رہنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے سامنے اس وقت سب سے بڑا سوال ہی یہی ہے کہ پاکستان ٹیم کو کس طرح دباؤ میں لایا جائے جبکہ کپتان برینڈن میک کولم کی توجہ صرف ٹاس جیتنے پر مرکوز ہے جبکہ اوپنر ٹام لیتھم کہتے ہیں کہ پاکستانی اسپنرز کو کھیلنا ناممکن نہیں ، ان کا کہنا ہے کہ میزبان بولرز کے پاس ورائٹی موجود اور وہ ہمارے لیے چیلنج ثابت ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود میں یہ نہیں سمجھتا کہ ان کو کھیلا نہیں جاسکتا، ہم نے ابوظبی ٹیسٹ کے پانچویں روز اس کا مظاہرہ کیا جب ایش سودھی اور ٹرینٹ بولٹ نے بھی مزاحمت کی، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ اگر ہم نے کنڈیشز سے خود کو جلد ہم آہنگ کیا اور اسپنرز کے خلاف خاص طور پر ڈٹے رہے تو پھر اسکور بورڈ پر بڑا ٹوٹل سجانے میں کامیاب رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :