الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے ذہنی طور پر تیار،افسران کی تعطیلات ختم ،پنجاب اور سندھ میں حلقہ بندیوں کے قوانین پر حتمی کام شروع

پیر 17 نومبر 2014 08:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17نومبر۔2014ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے خود کو ذہنی طور پر تیار کر لیا۔ افسران کی ہفتہ وار تعطیلات ختم کرتے ہوئے پنجاب اور سندھ میں حلقہ بندیوں کے قوانین پر حتمی کام کا آغاز کر دیا جائیگا۔ الیکشن کمیشن خود مختاری کے لئے بھی کام کرے گا۔ ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ الیکشن کمیشن پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے کمرکس لی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن ممبران نے سیاسی جماعتوں،عوام الناس اور عدلیہ کی تنقید کے بعد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں سنجیدگی کا مظاہرہ شروع کر دیا ہے۔ قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمیشن نے روزانہ کی بنیاد پر اجلاس بلا کر معاملات کو حتمی شکل دینے کی تیاریاں شروع کی ہیں ۔ایک روز قبل بھی اسی سلسلے میں اجلاس بھی کیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی کوشش ہے کہ اگلے سال 2015 ء میں سندھ،پنجاب اور کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کرا دیئے جائیں ۔کے پی کے میں عدالتی حکم پر موسم بہار میں بلدیاتی انتخابات کرائے جا سکتے ہیں ۔