دبئی ٹیسٹ میں پاکستان مشکلات سے دوچار،281رنز پر 6کھلاڑی پویلین لوٹ گئے ،تجربہ کار یونس خان اور اظہر علی پاکستان نے بالترتیب 72 اور 75 رنز کی اننگز کھیلیں تاہم بدقسمتی دونوں ہی کھلاڑی سنچری اسکور کرنے میں ناکام رہے، کپتان مصباح الحق بھی 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، اسد شفیق 6رنز کی کمی سے نصف سنچری سکور نہ کرسکے ، پاکستان کو نیوزی لینڈ کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 122 رنز درکار تھے جب کہ اس کی چار وکٹیں باقی ہیں ،ایش سودھی نے 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساوٴتھی،مارک کریگ اور جیمس نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی

جمعرات 20 نومبر 2014 07:35

دبئی( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20نومبر۔2014ء) پاکستان نے دبئی ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام پر نیوزی لینڈ کے 403 رنز کے جواب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنا لئے،کھیل کے تیسرے روز یونس خان اور اظہر علی کی شاندار بیٹنگ کے باوجود قومی ٹیم کیویز باوٴلرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی،تجربہ کار یونس خان اور اظہر علی پاکستان نے بالترتیب 72 اور 75 رنز کی اننگز کھیلیں تاہم بدقسمتی دونوں ہی کھلاڑی سنچری اسکور کرنے میں ناکام رہے،تیسرے دن کھیل کا جس وقت اختتام ہوا پاکستان کو نیوزی لینڈ کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 122 رنز درکار تھے جب کہ اس کی چار وکٹیں باقی تھیں،نیوزی لینڈ کی جانب سے ایش سودھی نے 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساوٴتھی،مارک کریگ اور جیمس نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دبئی کے انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز پاکستان نے 34 رنز 2 کھلاڑی آوٴٹ پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو یونس خان ایک اور اظہرعلی 4 رنز پر کریز پر موجود تھے، دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 113 رنز جوڑے جبکہ یونس خان نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی 29 ویں نصف سنچری اسکور کی۔

(جاری ہے)

145 کے مجموعی اسکور پر یونس خان 72 رنز بنانے کے بعد جیمز نیشم کا شکار بن گئے یونس خان 67رنز کے خسارے سے ڈا ن بریڈ مین کا 85سالہ ریکارڈنہ توڑ سکے یونس کے بعد کپتان مصباح الحق بھی 28 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ کیویز بولروں کے سامنے مزاحمت کرنے والے اظہرعلی بھی 72 رنز بنا کر 220 کے مجموعہ پر ایش سودھی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جبکہ اسد شفیق 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تیسرے روز کھیل کے اختتام پروکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد 28 اور یاسر شاہ ایک رنز کے ساتھ کریز پرموجود تھے، قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ کی برتری ختم کرنے کے لئے اب بھی مزید 122 رنز درکار ہیں، نیوزی لینڈ کی جانب سے ایش سودھی نے 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساوٴتھی،مارک کریگ اور جیمس نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں 248 رنز سے شکست دی تھی جس کے ساتھ قومی ٹیم کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔