وزیراعظم کاباسمتی چاول کی قیمتیں گرنے پر اظہارِ تشویش ، کاشتکار کو معاونت فراہم کرنے کیلئے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت، زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ حکومت اس اہم شعبے کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی،نواز شریف

جمعرات 20 نومبر 2014 07:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20نومبر۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے بین الاقوامی عوامل کے باعث باسمتی چاول کی قیمتیں گرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خزانہ اور غذائی تحفظ کی وزارتوں کو ہدایت کی کہ مناسب سبسڈی کی فراہمی سے کاشتکار کو معاونت فراہم کرنے کیلئے تجاویز پیش کرے، زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور حکومت اس اہم شعبے کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔

بدھ کو وزیراعظم ہاوس میں باسمتی چاول کی خریداری کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے بین الاقوامی عوامل کی بناء پر باسمتی چاول کی قیمتیں گرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خزانہ اور غذائی تحفظ کی وزارتوں کو ہدایت کی کہ مناسب سبسڈی کی فراہمی سے کاشتکار کو معاونت فراہم کرنے کے لئے تجاویز پیش کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ چھ ہفتوں کے اندر ایسا لائحہ عمل مرتب کیا جائے جس کے ذریعے سبسڈی کا براہ راست فائدہ آڑھتی کی بجائے کاشتکار کو پہنچے اور زرعی پیداوار میں استعمال ہونے والی اشیاء کی قیمتیں کم کی جا سکیں۔

انہوں نے زرعی شعبے کیلئے ٹیوب ویلز کی تنصیب کی غرض سے سولر پینلزکی فراہمی کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے متعلق تجاویز بھی پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر خزانہ محمد اسحق ڈار، وزیر برائے قومی غذائی تحفظ سکندر حیات بوسن، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر مصدق ملک، سیکرٹری قومی غذائی تحفظ اور سیکرٹری تجارت نے سینئر حکام کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :