اوباما نے سالانہ دفاعی پالیسی ایکٹ پر دستخط کردیئے، پاکستان کو آپریشن ضرب عضب میں معاونت کیلئے مشروط طورپر ایک ارب ڈالر بطور امداد فراہم کئے جائینگے

اتوار 21 دسمبر 2014 09:31

واشنگٹن( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21دسمبر۔2014ء ) امریکی صدر باراک اوباما نے سالانہ دفاعی پالیسی ایکٹ پر دستخط کردیئے جس کے تحت پاکستان کو آپریشن ضرب عضب میں معاونت کیلئے مشروط طورپر ایک ارب ڈالر بطور امداد فراہم کئے جائینگے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مالی سال 2015ء کیلئے قومی دفاعی اختیارات ایکٹ پر صدر باراک اوباما نے دستخط کردیئے ہیں جس میں مجموعی دفاعی اخراجات 578 ارب ڈالر ہیں جن میں پاکستان کیلئے اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں ایک ارب ڈالر بطور امداد دیئے جائینگے ۔

بل کے تحت سیکرٹری دفاع سے کہا گیا ہے کہ وہ 90 دن کے اندر پاک امریکہ تعلقات بارے رپورٹ پیش کرے جبکہ دسمبر 2017ء میں اس طرح کی رپورٹ چھ ماہ کے بعد جمع کروائی جائے۔ بل میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک ارب ڈالر اس وقت تک پاکستان کو مکمل طور پر نہیں دیئے جائینگے جب تک سیکرٹری دفاع کانگریس کی دفاعی کمیٹیوں کو شمالی وزیرستان آپریشن بارے تسلی بخش رپورٹ پیش نہیں کردیتے ۔

(جاری ہے)

بل کے تحت پاکستان کو اس امداد کے لیے شمالی وزیرستان کو حقانی نیٹ ورک کے لئے آئندہ محفوظ پناہ گاہ بننے سے روکنے اور القاعدہ و طالبان کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کرنے کی بھی یقین دہانی کرانی ہوگی ۔ بل کے تحت پاکستان کو اس امداد کی فراہمی سے قبل دھماکہ خیز مواد اور تباہ کن آلات کی تیاری روکنے کیلئے ملکی کوششوں کا جائزہ لیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :