سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میں آئندہ ہفتے4روز کیلئے سی این جی کی بندش کا فیصلہ مسترد

اتوار 21 دسمبر 2014 09:17

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21دسمبر۔2014ء)سی این جی اسٹیشنزمالکان،سی این جی ڈیلرز اور ٹرانسپورٹرز نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میں آئندہ ہفتے4روز کیلئے سی این جی کی بندش کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن،سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشن، سندھ سی این جی ایسوسی ایشن اورکراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے 4دن کیلئے گیس کی بندش پر احتجاج کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں سی این جی اسٹیشنز مالکان، ڈیلرز ،ٹرانسپورٹر کے نمائندوں شبیرسلیمانجی،عبدالسمیع خان اور ارشاد بخاری نے احتجاج کی تیاریاں شروع کردی ہیں جس کا باقاعدہ اعلان پریس کانفرنس کے ذریعے کیا جائیگا ۔اس ضمن میں شبیرسلیمانجی نے بتایا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی انتظامیہ کے ساتھ حال ہی میں ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ ہفتے میں2روز سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے اور اسکا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا مگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیرایس ایس جی سی انتظامیہ نے از خود4دن گیس کی سپلائی بند کرنے کا فیصلہ کیا جسے ہم قبول نہیں کریں گے۔