سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے اوباما کی ٹیلی فون پر گفتگو،جوہری معاہدے سے متعلق ورک پلان پر تبادلہ خیال

ہفتہ 4 اپریل 2015 03:29

واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 اپریل۔2015ء )امریکی صدر براک اوباما نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان اول الذکر کے جوہری پروگرام سے متعلق معاہدے کے فریم ورک سے متعلق ٹیلی فون پر گفتگو کی۔اس سے پہلے امریکی صدر نے خلیجی ریاستوں کی قیادت کو کیمپ ڈیوڈ آنے کی دعوت دی۔ براک اوباما کا کہنا تھا کہ سربراہی اجلاس میں سیکیورٹی تعاون کے طریقوں پر غور کے ساتھ مختلف تنازعات پر بھی بات کی جائے گی کہ جو مشرق وسطی کے مصائب اور عدم استحکام کا سبب رہے ہیں۔

صدر براک اوباما نے جمعرات کے روز ایک اعلان میں بتایا کہ انہوں نے خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کی قیادت کو کیمپ ڈیوڈ میں آنے کی دعوت دی ہے تاکہ سیکیورٹی تعاون کو بہتر بنانے جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

وائٹ ہاوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے جمعرات کے روز خادم الحرمین الشریفین کو فون کیا، جس میں انہوں نے سعودی فرمانروا کو یہ بات زور دیکر کہی کہ امریکا خلیج میں اپنے پارٹنرز کے ساتھ کئے وعدوں کی از سر نو تجدید کرتا ہے۔

'میں نے چھ خلیجی ریاستوں کے سربراہوں کو اس سال موسم گرما میں کیمپ ڈیوڈ ہونے والے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے تاکہ ہم سیکیورٹی تعاون میں بہتری جیسے امور پر تبادلہ خیال کر سکیں اور ان تنازعات پر بھی بات کر سکیں جن کے باعث خطے کا استحکام ہمیشہ متزلزل رہا ہے۔