حکومت نے کرپشن کے خلاف مجوزہ بل پاس کرانے میں کردار ادا نہ کیا تو اسلام آباد میں بھوک ہڑتال کروں گا، جمشید دستی ،پارلیمنٹ میں بیٹھے نمائندگان اس بل کی تائید کریں یا نہ کریں اپنا سفر جاری رکھوں گا،سیاسی فرسودہ نظام کی تبدیلی کی طرف پہلا قطرہ ثابت ہو گا، سائیکل ریلی کے شرکاء سے خطاب،صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 4 اپریل 2015 03:19

لالہ موسیٰ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 اپریل۔2015ء ) رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے کرپشن کے خلاف مجوزہ بل پاس کرانے میں کردار ادا نہ کیا تو اسلام آباد میں بھوک ہڑتال کروں گا،پارلیمنٹ میں بیٹھے نمائندگان اس بل کی تائید کریں یا نہ کریں اپنا سفر جاری رکھوں گا۔سیاسی فرسودہ نظام کی تبدیلی کی طرف پہلا قطرہ ثابت ہو گا،وہ جمعہ کے روز رات نو بجے کے قریب اسلام آباد جاتے ہوئے سائیکل ریلی کے شرکاء سے لالہ موسیٰ صادق آباد جی ٹی روڈ پر خطاب کر رہے تھے،قبل ازیں جب ان کا قافلہ لالہ موسیٰ پہنچا تو بڑی تعداد میں عوام نے ان کا استقبال کیا۔

جمشید دستی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بچانے کے لیے موجودہ جاگیردارانہ نظام ختم کر کے مسائل سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے،ملک میں دہشت گردی سے زیادہی کرپشن کاناسور بڑا مسئلہ ہے قومی اسمبلی میں اپنی آئینی ذمہ داری ماضی میں بھی ادا کی تھی،پارلیمنٹ لاجز،جو کمین گاہ بن چکی ہے وہاں ہونے والی برائیوں کی نشاندہی کر کیاپنا فریضہ ادا کیا،اس کی آج بھی تحقیقات ہوں تو جھوٹ اور سچ کا پردہ چاک ہو جائے،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں کرپشن کے ریٹس زیادہ تھے ملک کے ادارے جن میں ایف آئی اے اینٹی کرپشن اور نیب شامل ہیں سارے کے سارے بلیک میلنگ کے لیے قائم کئے گئے ہیں انہیں ختم کر کے آزاد تحقیقاتی سیل جس میں ججز شامل ہوں ضلعی سطح پر بنائے جائیں کرپشن کرنے والے کو سزائے موت دو ماہ کے ٹرائیل کے بعد دی جائے انہوں نے کہا کہ زمانہ طالب علمی سے ہی غلامی کی زندگی نفرت ہے اسکے راستے میں جیلیں،مقدمات اور دھمکیاں آڑے نہیں آسکتی،انہوں نے کہا کہ عمران خان کا دل سے احترام کرتا ہوں لیکن دیگر پارتی لیڈروں کی طرح ان کے اندر بھی فرعونیت آچکی ہے سیاست کو کرپشن سے پاک کئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا،انہوں نے کہا کہ میاں برادران سے آج قوم سوال کرتی ہے کہ مشرف کیس کہاں گیا،انہوں نے کہا کہ مشرف کو پھانسی لگنی چاہیے آج مشرف کے حواری میاں صاحب کی گود میں بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے ضرب عضب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن سے قوم کا حوصلہ بڑھایا ہے،جمشید دستی نے کہا کہ الطاف بھائی جناح پورہ کا نعرہ لگاتا ہے برطانیہ کا شہری ہو کر پاکستان کے خلاف برطانیہ سے مل کر سازشوں میں مصروف ہے گورنر سندھ مجرمان کو تحفظ دیتا ہے،انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی ،سینٹ اور صوبائی اسمبلی میں بیٹھے ارکان طالبان سے بھی زیادہ خطرناک ہیں پارٹی بنانے کے لیے سراج الحق سے رابطہ کروں گا۔