محکمہ موسمیات کی آئندہ24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی

ہفتہ 4 اپریل 2015 03:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 اپریل۔2015ء) ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ سکردو اور گردو نواح میں بارش کے بعد موسم ایک بار پھر خنک ہو گیا جبکہ پہاڑوں پر آسمان سے گرنے والے سفید گالوں نے چوٹیوں کو ڈھانپ لیا۔ گانچھے اور اس کے گرد نواح میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے موسم سرد کر دیا۔ پہاڑوں نے پھر سے برفانی دوشالے اوڑھ لئے۔

ادھر اسلام آباد اور راولپنڈی میں سرمئی بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹھنڈی ہواوٴں کے ساتھ بارش نے شہر اقتدار کا موسم دلفریب بنا دیا۔ دوسری طرف گزشتہ روز کی بارش کے بعد باغوں کا شہر لاہور اب بھی بھیگا ، بھیگا ہے۔ شہر پر اب بھی بادل چھائے ہوئے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ مری میں ساٹھ ملی میٹر بارش ہوئی۔ مظفر آباد، پارا چنار ، ایبٹ آباد، سیالکوٹ، جہلم، بہاولپور، کوئٹہ، جیکب آاد، بالائی سندھ میں بھی رم جھم نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم ابرآلود رہنے اور بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔