سمندر میں تین ماہ تک بھٹکنے والے شخص کو بچا لیا گیا

ہفتہ 4 اپریل 2015 03:36

کیرولائنا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 اپریل۔2015ء) بحرِ اوقیانوس میں تین ماہ تک بھٹکتے رہنے والے امریکی شخص کو بالاخر بچا لیا گیا ہے37 سالہ لوئی جورڈن کو امریکی ریاست شمالی کیرولائنا کے ساحل سے دو سو میل دور کْھلے سمندر میں ایک جرمن آئل ٹینکر نے تلاش کیا۔ جورڈن اپنی 35 فٹ لمبی کشتی ’اینجل‘ پر مچھلیاں پکڑنے سمندر میں گئے تھے اور انھیں آخری بار 23 جنوری کو دیکھا گیا تھا۔

لوئی کے اہلِخانہ نے رواں برس جنوری میں ہی ان کی گمشدگی کی رپورٹ لکھوائی تھی۔

(جاری ہے)

جب جرمن جہاز ان کے قریب پہنچا تو وہ اپنی الٹی ہوئی کشتی کے اوپر بیٹھے تھے۔ لوئی کا کہنا ہے کہ وہ 66 دن کے دوران کچی مچھلی کھا کر اور بارش کا پانی پی کر زندہ رہے۔ جرمن جہاز پر پہنچنے کے بعد جب لوئی نے اپنے والد سے بات کی تو انھوں نے کہا ’میں تو سمجھ بیٹھا تھا کہ ہم نے تمھیں کھو دیا ہے‘۔امریکی کوسٹ گارڈز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انھوں نے لوئی کو ہیوسٹن ایکسپریس نامی جرمن بحری جہاز سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ورجینیا میں ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں موسم کی سختیاں برداشت کرنے کی ایسی مثال کم ہی ملتی ہے۔