مراکشی وزیر کا اپنی ساتھی خاتون وزیر کو شادی کا پیغام

جمعرات 16 اپریل 2015 04:29

رباط (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 اپریل۔2015ء) مراکش کی حکومت میں شامل ایک وزیر نے اپنی ساتھی خاتون وزیر کو شادی کا پیغام بھیجا جسے انہوں نے قبول کر لیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزیر برائے پارلیمانی تعلقات حبیب الشوبانی اور خاتون وزیر تعلیم سمیہ بن خلدون کچھ ہی عرصہ قبل ایک دوسرے کی محبت کے اسیر ہوئے۔ ایک مراکشی روزنامہ کے مطابق حبیب الشوبانی نے اپنی والدہ اور سابقہ بیوی کی اجازت سے سمیہ بن خلدون کو پیغام نکاح بھیجا ہے۔

الشوبانی نے اس سے قبل بھی اس خاتون وزیر سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا تھا مگر وزیر موصوف کی والدہ نہیں مان رہی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق خاتون وزیر 53 سالہ بن خلدون کو ایک سال قبل پہلے شوہر سے طلاق ہو گئی تھی۔ پہلے شوہر سے اس کے تین بچے ہیں۔

(جاری ہے)

طلاق کے کچھ عرصہ بعد حکمران مذہبی سیاسی جماعت پارٹی کے رہنماء حبیب الشوبانی نے اس سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا تھا جسے سمیہ نے بھی بخوشی قبول کر لیا۔

اب وہ ایک بار پھر پیا گھر سدھارنے کی تیاری کر رہی ہیں۔ ادھر مراکش کی اپوزیشن جماعت استقلال کے سیکرٹری جنرل حمید شباط نے حبیب الشوبانی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ شوبانی نے خاتون وزیر کو شادی کا جھانسہ دے کر پہلے شوہر سے طلاق دلوائی۔ اس کے پہلے شوہر سے تین بچے ہیں۔ ایک پچاس سالہ خاتون کے خاندان کو اس طرح منتشر کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے تاہم سمیہ بن خلدون نے حمید شباط کے بیان کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ میرے اور سابقہ شوہر کے درمیان حقیقی اختلافات تھے جس کے نتیجے میں ہمارے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔طلاق میں میرے ہونے والے شوہر کا کوئی کردار نہیں ہے۔