بلدیاتی الیکشن:پارٹی ٹکٹ کے اجراء کیلئے وزیر اعظم نے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی،کمیٹی میں اقبال ظفر جھگڑا،امیر مقام،پیر صابر شاہ،رحمت سلام خٹک شامل،ٹکٹ کے اجراء کیلئے کمیٹی کو مکمل اختیارات مل گئے ،پارٹی صدر نواز شریف نے منظوری دیدی

جمعرات 16 اپریل 2015 04:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 اپریل۔2015ء)مسلم لیگ (ن)نے خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی الیکشن میں ٹکٹ کے اجراء کیلئے اقبال ظفر جھگڑا کی سربراہی میں4 رکنی کمیٹی بنا دی ،وزیر اعظم نواز شریف نے بطور صدر منظوری دیدی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز مسلم لیگ (ن) کے سربراہ وزیر اعظم نواز شریف نے خیبر پختونخوا ہ میں 30 مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ کے اجراء کیلئے4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ،کمیٹی میں مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا ،خیبر پختونخواہ کے صوبائی صدر پیر صابر شاہ ،وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام اور سینئر لیگی رہنما رحمت سلام خٹک شامل ہیں،وزیر اعظم نے کمیٹی کو خیبر پختونخواہ میں لیگی امیدواروں کو ٹکٹ کے اجراء کیلئے مکمل اختیارات دے دیئے ہیں اور اس حوالے سے باقاعدہ منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخواہ میں 30 مئی کو بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری ہو چکا ہے اور اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ کے اجراء کیلئے بھاگ دوڑ شروع کر دی ہے اورصوبائی الیکشن کمیشن نے صوبے میں بلدیاتی الیکشن کیلئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں