الیکشن ٹربیونل، این اے125 کے دھاندلی کیس میں پی ٹی آئی امیدوار کی دائر تینوں متفرق درخواستیں خارج، مزید سماعت آج16 اپریل تک ملتوی

جمعرات 16 اپریل 2015 04:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 اپریل۔2015ء) الیکشن ٹربیونل کے جج جاوید رشید نے حلقہ این اے125 کے دھاندلی کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کی جانب سے دائر تینوں متفرق درخواستیں وکلاء کے دلائل سننے کے بعد خارج کرتے ہوئے مزید سماعت آج16 اپریل تک ملتوی کردی ہے ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کی جانب سے دائر تین درخواستوں جن میں عدالت سے کہا گہا تھا کہ دیکھا جائے کہ پولنگ میں ڈالے جانے والے ووٹ کتنے سرکاری اور کتنے پرائیویٹ تھیلوں میں بند ہیں دھاندلی کے معاملہ میں ہونے والی انسپکشن کو بطور اضافی شہادت صفحہ مثل کا حصہ بنایا جائے جبکہ مزید25 پولنگ سٹیشن کھولے جائیں۔

پی ٹی آئی کے امید وار حامد خان کی جانب سے انکے وکیل ایم حسین چوٹیا جبکہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے عمر سعید ایڈووکیٹ کیس کی پیروی کر رہے ہیں۔گذشتہ سماعت پر فاضل ٹربیونل نے پی ٹی آئی کی مذکورہ تینوں درخواستوں پر وکلاء کے دلائل سننے کے بعدفیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ این اے125 سے ہارنے والے امیدوار حامد خان نے اس حلقہ میں دھاندلی کرنے کے الزام میں مسلم لیگ ن کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔