صحافی 60 لاکھ روپے کے سموسے،پکوڑے ڈکار گئے، وزارت اطلاعات ونشریات کا دعوی

جمعہ 24 اپریل 2015 04:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 اپریل۔2015ء)وزارت اطلاعات و نشریات نے ایک سال میں صحافیوں پر60 لاکھ روپے مالیت کے سموسے ،پکوڑے اور چائے کی تواضع پر اڑا دیئے ہیں۔ اس بات کا انکشاف وزارت اطلاعات و نشریات کی دستاویزات میں ہوا ہے۔خبر رساں ادارے کو موصول دستاویزات کے مطابق (پی آئی ڈی) نے دعوی کیا ہے کہ2013 ء میں انفارمیشن سنٹر میں700 پریس کانفرنس منعقد کی گئیں تھیں جن پر کل اخراجات 5.973 ملین روپے خرچ ہوئے ہیں،دستاویزات کے مطابق2.293 بلین روپے لائٹ ریفریشمنٹ جن میں سموسے،پکوڑے اور چائے پر جبکہ 3.680ملین روپے کے صحافیوں کو لنچ اور ڈنر سے تواضع کی گئی ہے ۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے یہ دعوی بھی کیا ہے پی آئی ڈی میں ہر ماہ 30 پریس کانفرنسیں ہوتی ہیں جبکہ 30 پریس بریفنگ کا اہتمام کیا جاتا ہے اور اس میں شریک ہر صحافی پر اوسطً7 ہزار روپے خرچ آتا ہے تاہم وزارت اطلاعات نے نہ تو صحافیوں کی کل تعداد کا ذکر کیا ہے اور نہ ہی60 لاکھ روپے کے سموسے کھانے والے صحافیوں کی معلومات اور نام افشاں کئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت اطلاعات کے مطابق پی آئی ڈی ہر ماہ لاکھوں روپے ان کانفرنس پر خرچ کررہا ہے۔ خبر رساں ادارے کے سینئر رپورٹر رانا مشتاق نے وزارت خزانہ کے ایک اعلی افسر سے رابطہ کیا اور قواعد وضوابط کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ2006 کے آرڈر کے تحت وزارت اطلاعات کو قانوناً اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ ہر صحافی کو 30 روپے سے زائد کی ریفرشمنٹ پر خرچ نہ کرے جبکہ لنچ اور ڈنر کے لئے1200 روپے کی حد مقرر کی گئی ہے ۔اس حوالے سے خبر رساں ادارے سے سیکرٹری اطلاعات محمد اعظم اور پی آئی او راؤ تحسین سے رابطہ کر کے ان کا موقف حاصل کرنے کی کوشش کی ہے تاہم دونوں افسران نے اس بھاری کرپشن پر چپ سادھ لی۔