افغانستان میں پرتشدد واقعات میں 9سرحدی محافظوں اور چھ عام شہریوں سمیت 39 افراد ہلاک ،درجنوں زخمی

جمعہ 24 اپریل 2015 04:45

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 اپریل۔2015ء) افغانستان میں پرتشدد واقعات میں 9سرحدی محافظوں اور چھ عام شہریوں سمیت 39 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان صوبہ بدغیس کے ترجمان میر وائس میرزا کوال نے صحافیوں کو بتایا کہ طالبان نے ضلع بالامر غاب میں ایک فوجی چوکی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں نو سرحدی محافظ ہلاک ہوگئے اس موقع پر فورسز اور طالبان کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں چار شدت پسند بھی مارے گئے ترجمان نے کہا کہ طالبان نے یہ حملہ ایسے وقت میں کیا ہے جب انہوں نے حال ہی میں بہار حملوں کا آغاز کرنے کا اعلان کیا تھا صوبہ نمروز کے حکومتی ترجمان احمد اعراب کے مطابق جنوب مغربی علاقے میں ایک رکشہ سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرانے کے باعث کم از کم چھ شہری ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں ۔

دریں اثناء افغان وزارت دفاع کے ترجمان جنرل ظہیر اعظمی نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ مختلف صوبوں میں شدت پسندوں کیخلاف کارروائی میں بیس طالبان ہلاک ہوگئے جبکہ سولہ بموں کو ناکارہ بنایا گیا ہے طالبان کی فائرنگ سے تین فوجی زخمی بھی ہوئے ۔

متعلقہ عنوان :