ایس ایس پی ملیر کی پریس کانفرنس ،وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت سے رپورٹ طلب کرلی

جمعہ 1 مئی 2015 07:26

اسلام آباد/فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم مئی ۔2015ء)وفاقی حکومت نے کراچی کے ایس ایس پی ملیر گریڈ18کے افسر راؤ انوار کی سیاسی پریس کانفرنس کرنے پر صوبائی حکومت سے رپورٹ طلب کرلی ہے،راؤ انوار نے ہنگامی پریس کانفرنس میں متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی لگانے کا ایک پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا تھا کہ ایم کیو ایم کے جن دو دہشتگردوں کو رات کو گرفتار کیا گیا ہے ان کا تعلق بھارتی خفیہ ایجنسی”را“ سے ہے اور ان کی سرپرستی ایم کیو ایم کی مرکزی قیادت کرتی ہے،لہٰذا ایم کیو ایم پر پابندی عائدکی جائے۔

اس پریس کانفرنس کے بعد مسلم لیگ(ن) کی مرکزی قیادت اور وفاقی حکومت میں کھلبلی مچ گئی چنانچہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبائی حکومت سے وضاحت طلب کی جائے کہ ایس ایس پی راؤ انوار نے اس طرح کا سیاسی بیان کس کی ایماء پر جاری کیا ہے،کیونکہ کسی بھی سیاسی جماعت پر مختلف سنگین نوعیت کے الزامات عائد ہونے کے بعد وفاقی حکومت کی طرف سے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جاتا ہے جبکہ ایک گریڈ 18کا افسر جو کہ حکومت کا ملازم ہو اس کو یہ حق نہیں کہ وہ اس طرح کی پریس کانفرنس کرکے ایسا بیان جاری کرے،جس سے کراچی اور ملک میں افراتفری کے حالات پیدا ہوں۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کو مزید معلوم ہوا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں میں حکومت کی طرف سے اس سلسلہ میں مکمل وضاحت کی جائے گی