پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالعدم تنظیموں کے 871افراد گرفتار ہوچکے ہیں‘ صوبائی وزیر داخلہ،جھوٹ اور الزام تراشی پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے ، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں پنجاب کو واضح سبقت حاصل ہے‘ کرنل (ر) شجاع خانزادہ،پی ٹی آئی حقائق تسلیم کرنے کی جرات پیدا کرے ، پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی جاری ہے‘ زعیم قادری

جمعہ 1 مئی 2015 07:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم مئی ۔2015ء) صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ جھوٹ بولنا اور الزام تراشی پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے -نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں پنجاب کو باقی صوبوں پر واضح سبقت حاصل ہے -صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے خلاف بھرپور آپریشن ہوا ہے جس کے واضح اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں -پنجاب بھر میں کالعدم تنظیموں کے فورتھ شیڈولڈ افراد کے خلاف کارروائی کرکے گرفتارکیا جارہا ہے- انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں نیشنل ایکشن پلا ن کے تحت کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 871افراد گرفتار ہوچکے ہیں-نیشنل ایکشن پلان کے تحت 6ایکٹ کے نفاذ کی شرح 90فیصد سے زائد ہے -نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں پنجاب حکومت کو بھرپور کامیابی حاصل ہورہی ہے - قبل ازیں حکومت پنجاب کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ پی ٹی آئی درست حقائق جاننے اور تسلیم کرنے کی جرات پیدا کرے، سب بخوبی واقف ہیں کہ پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ہے -انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے پنجاب کو باقی صوبوں پر واضح سبقت حاصل ہے لیکن پی ٹی آئی کے رہنما بے بنیاد الزام تراشی کررہے ہیں-لگتا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کے بعد پی ٹی آئی کے رہنما ایک بار پھر مایوسی کا شکار ہوچکے ہیں-