راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبے کا افتتاح9مئی کو کرنے کا فیصلہ ،وزیراعظم نوازشریف افتتاح کریں گے ،وزیراعظم ،وزیراعلیٰ پنجاب اور کابینہ ارکان میٹروبس میں سوار ہوکر اسلام آباد کے آخری سٹاپ سیکرٹریٹ کے مقام تک سفر کریں گے

جمعہ 1 مئی 2015 07:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم مئی ۔2015ء)پچاس ارب روپے سے زائد کی لاگت سے تیار ہونے والے راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبے کا افتتاح9مئی کو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،نامکمل میٹروبس منصوبے کا افتتاح وزیراعظم محمد نوازشریف راولپنڈی میں کریں گے،وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور کابینہ کے ارکان میٹروبس میں سوار ہوکر اسلام آباد کے آخری سٹاپ سیکرٹریٹ کے مقام تک سفر کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے جڑواں شہروں کیلئے پچاس ارب روپے سے زائد کی رقم سے تیار کئے جانے والے نامکمل میٹرو بس منصوبے کا افتتاح9مئی کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔خبر رساں ادارے کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق وزیراعظم پاکستان نوازشریف میٹروبس منصوبے کا افتتاح اپنی کابینہ اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ہمراہ راولپنڈی میں رحمان آباد سٹاپ کے مقام سے کریں گے اور بعد ازاں میٹرو بس میں سفر کرتے ہوئے میٹروبس کے اسلام آباد میں آخری سٹاپ سیکرٹریٹ تک سفر کریں گے اور اس اخری سٹاپ کے مقام پر وزیراعظم ایک بڑے اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

میٹروبس کی اس افتتاحی تقریب کے راولپنڈی میں آنے والے اخراجات راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی(آر ڈی اے) جبکہ اسلام آباد میں آنے والے اخراجات کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) برادشت کریں گے۔نامکمل میٹرو بس کے افتتاح کا ایک افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ایک سال سے زائد عرصے اور پچاس ارب روپے کی زائد لاگت سے تعمیر ہونے والے اس منصوبے کا راولپنڈی میں مریڑ چوک اور موتی محل لئی پل کے مقام پر گراؤنڈ ورک تاحال مکمل نہیں ہوسکا،تاہم میٹرو پل سے بس گزر سکے گی جبکہ اسلام آباد فیز میں پشاور موڑ انٹرچینج کا کام تاحال بقیہ ہے جبکہ میٹرو بس ذرائع کے مطابق پشاور موڑ انٹرچینج کا کام مزید تین سے چار ماہ میں مکمل ہوسکے گا تاہم وزیراعظم کی افتتاحی بس اس مقام سے عارضی طور پر تعمیر شدہ سڑک سے گزارا جائے گا،خبر رساں ادارے نے مؤقف جاننے کیلئے میٹرو منصوبے کے چےئرمین حنیف عباسی سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی تاہم حسب عادت انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی