بابل جکھرانی بیٹے ا عجاز جاکھرانی کی کرپشن اور بھتہ خوری کیخلاف میدان میں نکل آئے،سینکڑوں افراد کے ہمراہ ڈی سی چوک پر دھرنادیا، ڈی سی آفس کے گھیراوٴ کی دھمکی کے بعد پولیس کی بھاری نفری تعینات،مختلف پارٹیوں نے بابل جکھرانی کی حمایت کا اعلان کرکے دھرنے میں شرکت کی

جمعہ 1 مئی 2015 07:29

جیکب آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم مئی ۔2015ء) پیپلز پارٹی کے ایم این اے اعجاز جکھرانی اور ان کے والد بابل جکھرانی کے درمیان جاری اختلاف کے بعد بابل جکھرانی کرپشن اور بھتہ خوری کے خلاف میدان میں نکل آئے انہوں نے گزشتہ روز سینکڑوں افراد کے ہمراہ ڈی سی چوک پر دھرنادیا، ڈی سی آفس کے گھیراوٴ کی دھمکی کے بعد پولیس کی بھاری نفری کو ڈی سی آفس کے چاروں اطراف تعینات کیا گیا ،مختلف پارٹیوں نے بابل جکھرانی کی حمایت کا اعلان کرکے دھرنے میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں سابق ایم این اے میر بابل خان جکھرانی کے اپنے بیٹے رکن قومی اسمبلی اعجاز جکھرانی، بھتیجے صوبائی وزیر میر ممتاز جکھرانی کے ساتھ جاری اختلاف مزید کشیدہ ہوگئے ہیں ، میر بابل خان جکھرانی کی جانب سے الزامات لگائے جارہے ہیں کہ ان کا بیٹا اور بھتیجا کرپشن میں ملوث ہیں، اس سلسلے میں گذشتہ روز میر بابل خان جکھرانی نے جیکب آباد میں ہونے والی کرپشن کے خلاف سینکڑوں افراد کے ہمراہ جلوس نکال کر ڈی سی چوک پر دھرنا دیا اور دو گھنٹوں تک علامتی بھوک ہڑتال کی ، اس موقع پر مظاہرین نے ایم این اے اعجاز جکھرانی، صوبائی وزیر ممتاز جکھرانی اور ڈی سی شاہ زمان کھوڑو کے خلاف سخت نعریبازی کی ، اس دوران شہری اتحاد کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری، مسلم لیگ نواز کے ایاز احمد برڑو، ایس ٹی پی کے میر ہارون الرشید سومرو، ہندو پنچائت کے لعل چند سیتلانی، مزدور یونین کے معشوق خارانی، تحریک انصاف کے شجاع اللہ پہنور، اے پی ایم ایل کے ناصر تھیم سمیت مختلف پارٹیوں کے رہنماوٴں نے حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بھوک ہڑتال میں شرکت کی ، اس موقع پر میر بابل خان جکھرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ ایم این اے اعجاز جکھرانی ، صوبائی وزیر ممتاز جکھرانی اور ڈی سی جیکب آباد ملی بھگت کرکے جیکب آباد کے اربوں روپیوں کے فنڈز ہڑپ کرچکے ہیں کرپٹ مافیا سے ترقیاتی کاموں کے فنڈز واپس کرائیں گے ، انہوں نے کہا کہ شہر تباہ ہوچکا ہے میرا بیٹا اور بھتیجا کرپٹ ہیں ان کے خلاف کاروائی کی جائے اور ڈی سی کو ہٹا کر تحقیقات کرائی جائے، اس موقع پر شہری اتحاد کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میر بابل جکھرانی دیر آئے درست آئے ہم اس کے ساتھ ہیں وہ کرپشن کے خلاف میدان میں نکلے ہیں شہری اتحاد ان کے ساتھ ہے ، انہوں نے کہا کہ کرپٹ مافیا نے شہر کا نقشہ تبدیل کردیا ہے اب کرپٹ منتخب نمائندوں اور افسران کا گھیراوٴ کیا جائے گا، کرپشن کے خلاف دھرنے اور ڈی سی آفس کے گھیراوٴ کے اعلان کے بعد پولیس کی بھاری نفری کو ڈی سی آفس کے چاروں اطراف تعینات کیا گیا تھا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ضلع بھر سے پولیس نفری کو طلب کیا گیا تھا

متعلقہ عنوان :