زمبابوین کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ،دورہ پاکستان کے حوالے سے پریشانی کی ضرورت نہیں ، کوچ ڈیو واٹمور کی مدت ملازمت میں چار سال کی توسیع کردی ہے، چیئرمین زمبابوین کرکٹ بور ڈ، زمبابوے کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر فول پروف سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی،محدود اووروں کے پانچ میچ کھیلنے کیلئے 6 برس کے بعد زمبابوے کی ٹیم 19 مئی کو پاکستان کے دورے پر آئے گی،5 میچوں کی سیریز میں 2 ٹی ٹوینٹی اور 3 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے جائیں گے‘ تمام میچ لاہور میں ہونگے

جمعہ 1 مئی 2015 07:22

ہرارے(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم مئی ۔2015ء) چیئرمین زمبابوین کرکٹ بور ڈنے دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زمبابوے کی ٹیم مئی میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں اس کی تصدیق کی۔چیئرمین زمبابوین کرکٹ بورڈ ولسن مناسے نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ میں زمبابوین ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کرتا ہوں اور ٹیم مئی میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری تھی کہ دورے کے اعلان سے قبل ہم اپنے کمیشن کے ذریعے کھلاڑیوں، ان کے والدین اور حکومت کو کھلاڑیوں کی حفاظت بنائیں۔ولسن نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیم دورے میں تمام تر میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس نتیجے پر پہنچنے سے قبل تمام تر پہلووٴں کا تفصیلی جائزہ لیا ہے اور پاکستان کی صورتحال کے حوالے سے زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کوچ ڈیو واٹمور کی مدت ملازمت اور معاہدے میں بھی چار سال کی توسیع کا اعلان کیا۔ذرائع کے مطابق زمبابوین بورڈ اور کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان کے حوالے سے قائل کرنے میں قومی ٹیم کے سابق کوچ ڈیو واٹمور نے اہم کردار ادا کیا۔سابق کرکٹر اور زمبابوین کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ایلسٹر کیمبل نے کہا کہ ہم پاکستان کا دورہ دونوں ملکوں میں دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے کے سلسلے میں کر رہے ہیں اور اگست میں پاکستان بھی زمبابوے کا دورہ کرے گی۔

ادھرزمبابوے کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر فول پروف سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ محدود اووروں کے پانچ میچ کھیلنے کیلئے 6 برس کے بعد زمبابوے کی ٹیم 19 مئی کو پاکستان کے دورے پر آئے گی۔ 5 میچوں کی سیریز میں 2 ٹی ٹوینٹی اور 3 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گی۔ سری لنکن ٹیم لاہور میں دہشت گردی کی وجہ سے پہلی مرتبہ کوئی ٹیم پاکستان کے دورے پر آئے گی۔

اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ زمبابوے کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے اور شیڈول پر اتفاق پر کرکٹ زمبابوے نے آئی سی سی کو باقاعدہ اطلاع دی کہ ان کی ٹیم 19 مئی سے یکم جون تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی شہریار ایم خان نے کہا کہ میں اپنے ہم منصب ولسن منیے کرکٹ زمبابوے کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہماری گزارش پر اپنی ٹیم کو پاکستان کے دورے پر بھیجنے پر راضی ہوئے۔

پاکستان کرکٹ کیلئے یہ بہت خوشی کے لمحات ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ اس دورے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے پاکستان پر کھل جائیں گے۔ کینیا کی ٹیم پہلے ہی پاکستان میں ”پاکستان اے“ کے خلاف کھیل چکی ہے۔ لاہور آنے پر زمبابوے کی ٹیم کو وی وی آئی پی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام میچ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ اس ضمن میں حکومت پنجاب ہر طرح کی سکیورٹی فراہم کرے گی جبکہ وفاقی اور صوبائی مختلف قسم کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا تعاون پی سی بی کو حاصل ہوگا۔

پی سی بی کے ترجمان کے مطابق بورڈ نے زمبابوے کرکٹ کو لاہور او رکراچی میں میچ کھیلنے پر آمادہ کرنے کی بہت کوشش کی لیکن سکیورٹی کے معاملات کی وجہ سے زمبابوے کرکٹ ٹیم نے کراچی میں کھیلنے پر آمادگی کا اظہار نہیں کیا لہٰذا مہمان ٹیم کے احساسات کو مدنظر رکھ کر تمام میچ لاہور میں کروانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق پہلا ٹی ٹوینٹی میچ 22 مئی کو جبکہ دوسرا 24 مئی کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد 3 ایک روزہ بین الاقوامی میچ بھی قذافی سٹیڈیم میں ہوں گے جن میں پہلا ایک روزہ میچ 26 مئی، دوسرا میچ 29 مئی جبکہ تیسرا اور آخری ایک روزہ میچ 31 مئی کو ہوگا۔ یکم جون کو زمبابوے کی ٹیم واپس اپنے وطن روانہ ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :