سعودی عرب کی عدن میں حوثیوں کے ٹھکانوں نئی بمباری ، آٹھ افراد ہلاک

جمعہ 1 مئی 2015 07:44

عدن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم مئی ۔2015ء)سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی ممالک کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے جنوبی شہر عدن میں حوثی شیعہ باغیوں کے ٹھکانوں نئی بمباری کی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عدن کے علاقوں خورمکسر اور دار سعد میں الریاض میں خودساختہ جلا وطن یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی کی وفادار سرکاری سکیورٹی فورسز اور ان کے حامی قبائلی جنگجووٴں کی حوثی شیعہ باغیوں کے ساتھ شدید لڑائی ہورہی ہے۔

سعودی اتحادیوں کے لڑاکا طیاروں نے ان دونوں علاقوں میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔شہر کے محکمہ صحت کے سربراہ آل خضر الازور نے بتایا ہے کہ جمعرات کی شب سے جاری لڑائی میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ان میں حکومت کے حامی پانچ جنگجو اور تین شہری ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے علاوہ چوالیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔حوثی باغیوں کے جانی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔

حوثی باغیوں اور ان کے حامی سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار دستوں نے عدن پر قبضے کے لیے گذشتہ ایک ماہ سے چڑھائی کررکھی ہے۔عوامی مزاحمتی یونٹوں کے نام سے معرض وجود میں آنے والی مقامی ملیشیا ان کا دفاع کررہی ہے۔سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد نے 21 اپریل کو حوثی باغیوں پر فضائی حملے روک دیے تھے لیکن اس کے بعد بھی یمن کے مختلف علاقوں میں حوثی باغیوں کی پیش قدمی کے پیش نظر اتحادی طیاروں نے ان پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔رات کو اتحادی طیاروں نے جنوبی صوبوں لحج اور ابین میں بھی حوثیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی تھی۔

متعلقہ عنوان :