امریکا، 54 روز تک مصنوعی تنفس پر زندہ رہنے والی خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش

منگل 5 مئی 2015 08:22

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 مئی۔2015ء) میڈیکل سائنس ترقی کی نئی منازل طے کرتے ہوئے ایسے کارنامے انجام دے رہی ہے جسے سن کر انسان کی عقل دنگ رہ جائے ایسا ہی ہوا کچھ ہوا امریکا میں جہاں ذہنی طور پر مردہ خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش نے سب کو حیران کردیا جب کہ اس بچے کا نام بھی ”اینجل“ رکھا گیا۔امریکی شہر نیب راسکا میں 22 سالہ خاتون کو جب ذہنی طور پر مردہ قرار دیا گیا تواس کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع تھی اس لیے ڈاکٹرز نے اسے مصنوعی تنفس کے ذریعے زندہ رکھا جس کے 54 روز بعد خاتون نے صحت مند بچے کو جنم دے دیا جس کا وزن 2 پاوٴنڈ سے زائد تھا تاہم بچے کی پیدائش کے 2 روز بعد خاتون کا انتقال ہوگیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق بچہ صحت مند ہے جسے انکیوبیٹر میں رکھا گیا ہے اور ٹیوب کے ذریعے غذا فراہم کی جارہی ہے جب کہ اس کا نام اینجل یعنی فرشتہ رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

خاتون کا آپریشن کرنے والی ماہر ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ پیرا میڈیکل اسٹاف کی 100 رکنی ٹیم نے بچے کی پیدائش سے قبل خاتون کو زندہ رکھنے کے لیے شب وروز کوششیں کیں اور وہ اس میں کامیاب بھی رہے۔ڈاکٹرز کے مطابق خاتون 2 ماہ قبل اچانک سر میں شدید درد کی شکایت کے باعث اسپتال میں داخل ہوئی جہاں دماغ میں خون پھیلنے کے باعث اسے دماغی طور پر مردہ قرار دیا گیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق خاتون کے پیٹ میں موجود 22 ہفتے کے بچے کو بچانا ایک اہم مسئلہ تھا جس کے لیے خاتون کو 54 روزتک مصنوعی تنفس پر زندہ رکھا گیا تاہم بچے کی پیدائش کے 2 روز بعد خاتون جانبر نہ ہوسکی۔