خیبرپختونخوا حکومت مختلف ترقیاتی شعبوں میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کی پیش کش پر سنجیدگی سے غور کرے گی، پرویز خٹک،خیبرپختونخوا میں 5 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے اور چھ سمال ڈیموں کی تعمیر سمیت متعدد منصوبوں کی فیزبلٹی رپورٹیں بالکل تیار ہیں جن سے بیرونی سرمایہ کا فائدہ اُٹھا سکتے ہیں،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

منگل 5 مئی 2015 08:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 مئی۔2015ء)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے یقین دلایا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت مختلف ترقیاتی شعبوں میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کی پیش کش پر سنجیدگی سے غور کرے گی، خیبرپختونخوا میں 5000 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے اور چھ سمال ڈیموں کی تعمیر سمیت متعدد منصوبوں کی فیزبلٹی رپورٹیں بالکل تیار ہیں جن سے بیرونی سرمایہ کا فائدہ اُٹھا سکتے ہیں یہ یقین دہانی اُنہوں نے پیر کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کرنے والے چائنا گیذوبا گروپ کمپنی (سی جی جی سی) کے ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے کرائی خیبرپختونخوا اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ عبد الحق، ایم پی اے زرگل خان اور آبپاشی و توانائی کے صوبائی سیکرٹری بھی اس موقع پر موجود تھے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے وفد کو صوبے میں مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے معاملات میں شفافیت اور دیگر اصلاحات سے خیبرپختونخوا میں خصوصاً بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں مدد ملی ہے اُنہوں نے توانائی اور آبپاشی کے محکموں کو ہدایت کی کہ وہ سی جی جی سی کے نمائندوں سے باضابطہ طور پر ملاقات کرکے اُنہیں خیبرپختونخوا حکومت کے قابل عمل منصوبوں سے تفصیلاً آگاہ کریں اور ان منصوبوں میں کمپنی کے تعاون کے امکانات کا جائزہ لیں وفد کے سربراہ اور کمپنی کے چیف فنانس آفیسرتاؤ جی نے اس موقع پر باتیں کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے صوبائی حکومت کی اصلاحات کو سراہا اور صوبے کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا اُنہوں نے بتایا کہ کمپنی نیلم جہلم اور سکی کناری ہائیڈرو پاور منصوبوں کے علاوہ ای۔

(جاری ہے)

35 ایکسپریس وے پر بھی کام کر رہی ہے دریں اثناء خیبرپختونخوا کے دورے پر آئے ہوئے عرب امارت بحرین کے سپورٹس جرنلسٹس پر مشتمل بحرین جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ایک سات رکنی وفد نے بھی پیر کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کی ملک سعد شہید سپورٹس ٹرسٹ کے چیئرمین امجد عزیز ملک اور تجمل حیات ملک و سید علی نواز گیلانی سمیت دیگر عہدیداربھی وفد کے ہمراہ تھے بحرین سپورٹس میڈیا کے صدر محمد قاسم کی قیادت میں وفد نے ملاقات میں خیبرپختونخوا اور بحرین کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا اور خیبرپختونخوا کی سپورٹس ٹیموں کو بحرین کے دورے کی دعوت دی وفد سے باتیں کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے وفد کے دورہ خیبرپختونخوا کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے دو طرفہ سطح پر سپورٹس تعلقات کے فروغ میں مدد ملے گی اُنہوں نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کی پہلے سے بہتر صورتحال سے خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلے منعقدکرنے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔