ڈرائیوروں کی ذرا سی غلطیوں نے12افراد کی جانیں لے لیں، 5بچے بھی شامل

منگل 5 مئی 2015 08:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 مئی۔2015ء) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں تیز رفتار واٹر ٹینکر نے 7 بچوں کو کچل دیا ہے حادثے میں تین بچے ز خمو ں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق جبک چار شدید زخمی ہو گئے ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں نادرن بائی پاس کے قریب ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر نے سات بچوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں تین بچے ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں ہی جاں بحق ہو گئے ہیں اور چار بچے شدید زخمی ہو گئے ہیں واقع کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور تمام زخمیوں کو طبی امداد دینے کے بعد عباس نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی بچوں میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے جن کا ہر ممکن علاج کیا جا رہا ہے جبکہ زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں 8 سے 12 سال کے درمیان ہیں اور جاں بحق ہونے والوں میں ایک 8 اور 9 سالہ بچہ اور ایک 7 سالہ بچی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

حادثے کے بعد واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ہے جبکہ پولیس کے مطابق واقعہ کا ذمہ دار ٹینکر کا ڈرائیور ہے جس کی غفلت سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے اور اس کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ ادھرپشاور میں مسافر وین کو حادثہ چھ افراد جاں بحق جبکہ آٹھ زخمی ہوگئے۔ریسکیو اور پولیس کے مطابق واقعہ پشاور میں چارسدہ روڈ پر تھانہ داودزئی کی حدود ماموں خٹکی میں پیش آیا، پشاور سے چارسدہ جانے والی مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوگئی اور قریبی دکان میں گھس گئی، گاڑی گھسنے سے دکان کی چھت منہدم ہوگئی،۔

جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو ملبے تلے سے نکال کر فوری طبی امداد کیلئے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بیشتر زخمیوں کی حالت نازک ہے۔جبکہکوہاٹ مرئی کے قریب فلائنگ کوچ کی ٹکر سے دو بچیوں سمیت تین افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے ۔زخمیوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق اورکزئی ایجنسی سے کوہاٹ آنیوالی مسافر فلائنگ کوچ نمبر BA.2464 تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کوہاٹ مرئی روڈ پر گاڑی کے انتظار میں بیٹھی خواتین پر چڑھ دوڑی اور سڑک کے بیچ الٹ گئی جسکے نتیجے میں 8 سالہ بچی صباح اشتیاق،9 سالہ بسم اللہ جان ساکنان طورہ وڑی کچئی اور کوچ کے فرنٹ سیٹ میں سواربہرام خان ساکن باڑا خیبر ایجنسی موقع پر جاں بحق جبکہ مسماة عالیہ بانو،سلمہ بانو،عین اللہ جان ساکنان کچئی ،صورت شاہ،محمد کریم،حسن گل ،حنیف گل اور عمران ساکنان اورکزئی ایجنسی شدید زخمی ہوگئے ۔

حادثے میں جاں بحق اور زخمی افراد کو فوری طور پر لیاقت میموریل ہسپتال کوہاٹ منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس تھانہ استرزئی نے واقعہ کا مدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔