بے خوابی کے شکار افراد میں درد برداشت کرنے کی صلاحیت کم ہوتی ہے، تحقیق،دائمی مرض کے درد میں مبتلا افراد اپنی نیند اور آرام کا خاص خیال رکھیں،طبی ماہرین

منگل 5 مئی 2015 08:23

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 مئی۔2015ء) کسی بھی دائمی درد کے مریض کو چاہئے کہ وہ اپنی نیند پر توجہ دے کیوں کہ ایک طبی تحقیق کے مطابق جو افراد بے خوابی کا شکار ہوتے ہیں ان کا جسم درد کے معاملے میں کافی حساس ثابت ہو سکتا ہے۔جدید تحقیق کے مطابق ایسے افراد جو بے خوابی کا شکار ہیں اورانہیں کوئی دائمی درد بھی لاحق ہوتو ان کے سونے جاگنے کے معمول کے ربط میں خرابی کے باعث ان کو لاحق درد شدت اختیار کرسکتا ہے،نارویجین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ برجن کے بورج سیورسٹن کہتے ہیں کہ ایسے افراد کو چاہئے کہ اپنی نیند اور آرام کا خاص خیال رکھیں۔

(جاری ہے)

ایک تجربے کے دوران دائمی درد میں مبتلا افراد کے ہاتھ ٹھنڈے پانی میں ڈالے گئے اوروہ افراد جنہوں نے اپنے ہاتھ جلد باہر نکال لئے ان میں درد برداشت نہ کرنے کی صلاحیت میں کمی کی نشاندہی کی گئی اورایسے افراد میں بے خوابی کا مرض بھی پوری طرح موجود تھا جب کہ وہ افراد جنہوں نے اپنے ہاتھ دیر تک ٹھنڈے پانی میں رکھے ان میں درد کی شدت برداشت کرنے کی صلاحیت زیادہ تھی۔واضح رہے کہ لائیو سائنس کی ایک رپور ٹ میں کہا گیا ہے کہ ناروے میں 1974 سے شروع ہونیوالی تحقیق کے مطابق اب تک 10 ہزار بالغ افراد کی جسمانی حساسیت پر تحقیق کی جا چکی ہے جن میں سے 10.5 فیصد افراد کو بے خوابی کی شکایت ہے۔