حکومت نے پرانے کپڑے اور جوتوں پر پانچ فیصد ٹیکس عائد کردیا

منگل 9 جون 2015 09:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جون۔2015ء)غریب آدمی کو ملنے والی اترن بھی مہنگی ہو گئی۔ حکومت نے پرانے کپڑے وجوتے پر پانچ فیصد ٹیکس لگا دیا۔بجٹ میں پرانے کپڑوں اور جوتوں پر بھی ٹیکس لگا دیا گیا ہے ،ملک میں مہنگائی کے جاری طوفان اور نئے ٹیکس سے غریب طبقے کیلئے لنڈے بازار سے بھی خریداری مشکل ہو جائیگی۔

(جاری ہے)

ریڈی میڈ گارمنٹس تو پہلے ہی غریب آدمی کی قوت خرید سے باہر تھے اور اب پرانے کپڑوں اور جوتوں پر پانچ فیصد ٹیکس سے غریب اور تنخواہ دار طبقے کیلئے مشکلات بڑھ جائیں گی۔

وفاقی بجٹ کے بعد دیگر اشیاکے ساتھ استعمال شدہ کپڑوں اور جوتوں کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوگا، مہنگائی کے طوفان نے پہلے ہی لنڈے بازار سے ملبوسات، جوتے ، کمبل ،چادریں اور دیگر استعمال شدہ اشیاء کی خرید اری کو خواب بنادیا ہے۔ نئے ٹیکس سے پرانے کپڑے اور جوتے مزید مہنگے ہو جائیں گے۔