شام، ادلب میں شامی فوج کے فضائی حملے ،60 افراد ہلاک

منگل 9 جون 2015 09:12

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جون۔2015ء)شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں ایک قصبے پر اسدی فوج کے فضائی حملوں میں بچوں سمیت کم سے کم 60 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ شامی فوج نے صوبہ ادلب کے مغرب میں واقع قصبے الجانودہ میں ایک چوک پر بمباری کی ہے۔

اس قصبے پر باغی جنگجووٴں نے قبضہ کر لیا ہے اور سرکاری فوج کو نکال باہر کیا ہے۔

(جاری ہے)

آبزرویٹری نے مزید بتایا ہے کہ بمباری سے دسیوں افراد زخمی ہوئے ہیں اور ان میں سے بعض کی حالت نازک ہے۔واضح رہے کہ شام میں القاعدہ کی شاخ النصر محاذ کی قیادت میں اسلامی باغی گروپوں پر مشتمل اتحاد جیش الفتح نے حال ہی میں صوبہ ادلب کے بیشتر شہروں اور قصبوں پر قبضہ کرلیا ہے۔الجانودہ صوبے کے دوسرے بڑے شہر جسر الشغور کے شمال میں واقع ہے۔اس شہر پر جیش الفتح نے 25 اپریل کو قبضہ کر لیا تھا۔اس سے پہلے انھوں نے مارچ میں صوبائی دارالحکومت ادلب پر قبضہ کر لیا تھا اور اس وقت صوبے کا بہت تھوڑا علاقہ شامی حکومت کے کنٹرول میں رہ گیا ہے

متعلقہ عنوان :