فیصل آباد میں مسلم لیگ (ق) کا صفایا ، اہم شخصیات تحریک انصاف میں شامل ہوگئیں، مختلف ٹاؤنز ناظمین ،سابق وفاقی وزراء اور یونین کونسل کے ناظمین شامل

منگل 9 جون 2015 09:04

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جون۔2015ء)فیصل آباد میں مسلم لیگ (ق) کا صفایا ، اہم شخصیات جن میں سابق ضلعی ناظم سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ بھی شامل ہیں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ، شمولیت اختیار کرنے والوں میں مختلف ٹاؤنز کے ناظمین کے علاوہ سابق وفاقی وزراء اور یونین کونسل کے ناظمین بھی شامل ہیں ۔ خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کے پنجاب کے جنرل سیکرٹری سابق سینئر صوبائی وزیر چوہدری ظہیر الدین کے چھوٹے بھائی سابق ٹاؤن ناظم مدینہ ٹاؤن چوہدری علی اختر نے بھی مسلم لیگ (ق) چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے اور اس سلسلے میں تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کے دوران انہوں نے یقین دلایا کہ وہ فیصل آباد میں آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے اور تحریک انصاف شہر اور ضلع بھر میں بلدیاتی انتخابات کے ساتھ ساتھ آئندہ قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں مسلم لیگ (ق) کے رہنما سابق وفاقی وزیر مشتاق احمد چیمہ سابق ٹاؤن ناظم لائل پور ٹاؤن ممتاز علی چیمہ ، سابق ضلعی ناظم سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ رانا زاہد توصیف ، سابق وزیر مملکت رانا آصف توصیف اور آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رانا عارف توصیف ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے سابق صدر و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں فرحان لطیف بھی مسلم لیگ (ق) سے علیحدگی اختیار کرکے پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوچکے ہیں اس طرح فیصل آباد شہر اور ضلع میں مسلم لیگ (ق) کے تمام اہم عہدیدار اور سابق ممبران قومی صوبائی اسمبلی (ق) لیگ کو چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں جس سے یہ بات عیاں ہوچکی ہے کہ اب پاکستان کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میں آئندہ قومی صوبائی اسمبلی انتخابات کے موقع پر مسلم لیگ (ق) کا انتخاب لڑنے کیلئے کوئی بھی اہم شخصیت حصہ نہیں لے سکی ہے ۔