سندھ حکومت کوئی ایسی قانون سازی نہ کرے جس سے عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو،پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے سندھ حکومت کی مجوزہ قانون سازی کا نوٹس لے لیا

منگل 9 جون 2015 08:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جون۔2015ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے سندھ حکومت کی جانب سے مجوزہ قانون سازی کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ حکومت کوئی ایسی قانون سازی نہ کرے جس سے عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو۔ سندھ حکومت نے تجویز دی ہے کہ موٹرسائیکل مالکان اپنی موٹر سائیکل کی فٹنس سرٹیفیکیٹ کی تجدید ہر تھوڑے عرصے بعد کرائیں۔

سابق صدر نے کہا کہ یہ تجویز میڈیا میں رپورٹ کی گئی ہے اور اس سے نہ صرف یہ کہ موٹر سائیکل مالکان کی مشکلات میں اضافہ ہوگا بلکہ اس سے کرپشن کے دروازے بھی کھلیں گے۔ ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ بلاول ہاؤس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سابق صدر نے جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے سات فوجی جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم ان شہیدوں کی قرض دار ہے اور یہ شہید جوان قوم اور ملک کے حقیقی ہیرو ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوم اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشگردوں کو شکست فاش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے فوجی جوانوں کی بہادری اور قوم کا ان کے ساتھ کھڑے ہونا وہ ہتھیار ہے جس کی جنگ میں کامیابی کے لئے ضرورت ہوتی ہے اور ہم انشااللہ یہ جنگ جیتیں گے۔ انہوں نے شہیدوں کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی۔

متعلقہ عنوان :