سعودی بمباری کی مدد سے یمنی حکومتی افواج نے پانچ صوبوں پر قبضہ کرلیا

اتوار 16 اگست 2015 09:37

صنعاء(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 اگست۔2015ء) یمن میں جلا وطن حکومت کی حامی فوج نے ملک کے جنوب میں ایک اور صوبے پر قبضہ کر لیا ہے جس کے بعد سعودی اتحاد کی بمباری کی مدد سے ان کا کنٹرول کْل پانچ صوبوں پر ہوگیا ہے۔دوسری جانب فرانسیسی خبر رساں کے مطابق جلا وطن حکومت کی حمایتی سکیورٹی فورسز نے ہفتے کے روز ایک اور صوبے پر قبضہ کر لیا ہے۔یمنی صدر منصور ہادی کی حمایتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے پیش قدمی میں خلیجی ممالک کی جانب سے دیے جانے والے اسلحے اور فوجیوں کا اہم کردار ہے۔

اس کے علاوہ سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کی جانب سے حوثی باغیوں کے خلاف فضائی کارروائیاں جاری ہیں۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق عسکری ذرائع نے بتایا کہ باغیوں کو محفوظ راستہ دینے کے معاہدے کے بعد وہ شبوہ صوبے سے پسپا ہو گئے اور صوبے کا کنٹرول حکومتی فوج کے پاس ہے۔

(جاری ہے)

دیگر حکام نے بھی شبوہ صوبے کا کنٹرول حکومتی فورسز کے پاس آنے کی تصدیق کی ہے۔

شبوہ میں ایک سیاسی کارکن سلیم العولاقی کا کہنا ہے کہ باغیوں نے صوبے کا کنٹرول ’جنوبی موومنٹ‘ کے حوالے کیا۔اس سے قبل عسکری ذرائع کا کہنا تھا کے شبوہ کے گورنر جو باغیوں کے حامی تھے ہفتے کے آغاز میں شبوہ سے اس وقت فرار ہوئے جب فوجیں صوبے میں داخل ہونے کی تیاری کر رہی تھیں۔عسکری ذرائع نے باغیوں پر سرکاری عمارتوں میں بارودی سرنگیں لگانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ انھوں نے دیگر صوبوں میں بھی پسپائی سے قبل بارودی سرنگیں بچھائی تھیں۔