ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں کمی کا رحجان ، فی تولہ سونا 45ہزار روپے سے تجاوز کرگیا

اتوار 16 اگست 2015 09:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 اگست۔2015ء)عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں کمی کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں کمی کا رحجان دیکھا گیا جبکہ گزشتہ ہفتہ کے دورن عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت بڑھنے سے ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں700روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا 45ہزار روپے سے تجاوز کرگیا۔

ہفتہ کے روز عالمی صرافہ مارکیٹ میں 3ڈالر کی کمی سے فی اونس سونے کی قیمت1115ڈالر ہوگئی جس کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونا مہنگا ہوگیا۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کے روز ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 200 روپے کی کمی ہوئی جس سے فی تولہ سونے کی قیمت 45ہزار400روپے سے گھٹ کر45ہزار200روپے ہوگئی ،اسی طرح172روپے کی کمی سے 10گرام سونے کی قیمت 38ہزار742روپے ہوگئی جبکہ ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ چاندی کی قیمت630روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ پیر تا ہفتہ کے دوران عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں21ڈالر کا اضافہ ہوگیا جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں700روپے ،10گرام سونے کی قیمت میں 600روپے اور فی تولہ چاندی کی قیمت میں10روپے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔