ملکی صرافہ مارکیٹوں سونا پھر مہنگا، فی تولہ سونا 46ہزار روپے کی سطح پر جاپہنچا

اتوار 30 اگست 2015 09:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30اگست۔2015ء) ہفتہ کوعالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں اضافے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا ایک بار پھر مہنگا ہو کر 46ہزار روپے کی سطح پر جاپہنچاجبکہ 6کاروباری دنوں کے دوران عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں800روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ہفتہ کو عالمی صرافہ مارکیٹ میں 7ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونے کی قیمت1135ڈالر پر جا پہنچی جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونا مہنگاہوگیا۔

آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 50روپے کا اضافہ ہوگیا جس کے بعد کراچی،حیدرآباد،لاہور،ملتان،فیصل آباد،اسلام آباد،راولپنڈی اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 45ہزار 950روپے سے بڑھ کر46ہزار روپے ہوگئی اسی طرح 43روپے کے اضافے سے 10گرام سونے کی قیمت 39ہزار428روپے پر جا پہنچی ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ چاندی کی قیمت 640روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔دوسری جانب ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ پیر تا ہفتہ کے دوران عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں25ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں10گرام سونے کی قیمت 686روپے گھٹ گئی جبکہ فی تولہ چاندی کی قیمت میں20روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی