افغانستان ؛ صوبہ ہلمند میں افغان سیکورٹی فورسز اور اتحادی افواج کی مشترکہ کارروائی میں داعش و طالبان کمانڈروں سمیت 110 جنگجو ہلاک

اتوار 30 اگست 2015 09:51

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30اگست۔2015ء)افغانستان کے صوبہ ہلمند میں افغان سیکورٹی فورسز اور اتحادی افواج کی مشترکہ کارروائی میں داعش اور طالبان کمانڈروں سمیت 110 جنگجو ہلاک اور 26 زخمی ہو گئے ۔ متعدد ٹھکانیں تباہ کر دیے گئے ۔

(جاری ہے)

افغان میڈیا کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کو افغان سیکورٹی فورسز نے اتحادی افواج کے ہمراہ افغانستان کے صوبے ہلمند میں موسی قلعہ کے علاقے میں فضائی و زمینی کارروائی کی جس کے نتیجے میں داعش اور طالبان کے اہم کمانڈروں سمیت 110 جنگجو ہلاک اور 26 شدید زخمی ہو گئے ۔

فضائی کارروائی میں گن شپ ہیلی کاپٹرز اور جنگی طیاروں نے جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے بعد فورسز کی جانب سے زمینی کارروائی کی گئی جس میں اتحادی افواج اور جنگجوؤں کے مابین دوبدو لڑائی ہوئی جس میں طالبان و داعش جنگجوؤں کو بھاری جانی و مالی نقصان ہوا کارروائی میں جنگجوؤں کے متعدد ٹھکانیں بھی تباہ کر دیئے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں کچھ اتحادی اور افغان فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں ۔