پنجاب بھر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے نفرت انگیز تقاریر،قابل اعتراض لٹریچرکی اشاعت اور لاؤڈ اسپیکر کا غلط استعمال کرنیوالوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی،صوبائی حکومت

بدھ 7 اکتوبر 2015 08:57

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7اکتوبر۔2015ء)صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے پنجاب بھر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھنے کے لیے نفرت انگیز تقاریر،قابل اعتراض لٹریچرکی اشاعت اور لاؤڈ اسپیکر کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ یہ بات صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے آج یہاں سرکٹ ہاؤس میں ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس مشتاق سکھیرا، صوبائی سیکرٹری داخلہ میجر(ر) اعظم سلمان، ایڈیشنل آئی جی فیصل شاہکار، کمشنر بہاول پور ڈویژن ثاقب ظفر، آر پی او احسان صادق کے علاوہ ارکان اسمبلی، تینوں اضلاع کے ڈی سی اوزاور ڈویژن بھر کے مختلف مکاتب فکر کے علماء نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و امان قائم رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہم سب نے ملک میں مکمل اتحاد اور باہمی پیار، محبت و یگانگت کی فضا میں امن کو قائم رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دوسرے صوبوں سے آنے والے مقررین کے داخلہ پر پابندی لگا دی گئی ہے اور آئندہ ڈویژنل اور ضلعی سطح پر بھی اس کااطلاق ہوگاکیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ مقامی علما و ذاکرین سارا سال اپنے علاقوں میں لوگوں کی تربیت کا کام کرتے رہتے ہیں اور امن و امان کا درس دیتے ہیں تو محرم کے دنوں میں بھی وہ باہر سے مقررین لانے کی بجائے خود روزمرہ معمول کے مطابق اپنا دینی فریضہ سرانجام دیتے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاؤڈ اسپیکر کا استعمال صرف حاضرین تک محدود رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں موجودہ صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے جذبے سے نکلے ہیں جس کے لیے ہمیں تمام مکاتب فکر کے علماء کا تعاون درکار ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت اس بات کا انتظام کررہی ہے کہ نویں اور دسویں محرم کو رات کے جلوس اور مجالس میں لوڈشیڈنگ نہ ہو تاہم مقامی انتظامیہ کو ہدایت کردی گئی ہے کہ لوڈ شیڈنگ کی صورت میں جنریٹر کا انتظام کیا جائے۔

انہوں نے علماء سے درخواست کی کہ وہ محبت و بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے میں انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں اور بہاولپور جو کہ امن کا گہوارہ ہے اس کی صورت حال کو قائم رکھا جائے۔ اجلاس میں بہاولپور سے علامہ ریاض احمد اویسی، مفتی ارشاد احمد، ضلع رحیم یارخاں سے خواجہ ادریس اور بہاول نگر سے سید علمدار شاہ نے اپنی تقاریر میں یقین دلایا کہ بالخصوص محرم الحرام کے دوران امن وامان کی فضا قائم رکھی جائے گی اور محبت و بھائی چارے کو فروغ دیا جائے گا

متعلقہ عنوان :