مقبوضہ بیت المقدس : پرتشدد واقعات میں تین اسرائیلی ہلاک ، متعدد زخمی

بدھ 14 اکتوبر 2015 09:34

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14اکتوبر۔2015ء) مقبوضہ بیت المقدس اور وسطی اسرائیل میں پولیس کے مطابق ایک بس پر حملے سمیت تشدد کے واقعات میں کم از کم تین اسرائیلی شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ مقبوضہ بیت المقدس اور دیگر علاقوں میں تشدد کی حالیہ لہر میں کم از کم سات حملہ آوروں کے علاوہ 17 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ان حملوں میں اسرائیلی شہری بھی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل کی ایمبولنس سروس کے مطابق یروشلم میں ایک بس میں دو افراد نے فائرنگ کی اور مسافروں پر چاقو سے حملہ کیا۔حکام کے مطابق اس واقعے میں کم از کم 16 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے آٹھ کی حالت تشویش ناک ہے۔اس کے علاوہ یروشلم کے ایک بس سٹینڈ پر چاقو سے حملہ کرنے والے شخص کو پولیس نے گولی مار دی ہے۔

(جاری ہے)

اس حملے میں میں تین افراد زخمی جبکہ شمالی اسرائیل کے علاقے رانانا میں دو افراد زخمی ہوئے۔

بس پر حملے کے فوری بعد پولیس نے حملہ آوروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔تل ابیب کے شمالی میں واقع علاقے رعنانا میں ایک فلسطینی شہری نے ایک اسرائیلی شخص پر چاقو سے حملہ کیا جس میں اسرائیلی شہری معمولی زخمی ہو گیا جبکہ حملہ آور کو پکڑ لیا گیا اور اطلاعات کے مطابق قریب سے گزرنے والے افراد نے اس پر تشدد بھی کیا۔رعنانا ہی میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں ایک شخص نے ایک اسرائیلی خاتون پر چاقو سے حملہ کر کے اس کو زخمی کر دیا۔حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تاہم بعد میں اسے گرفتار کر لیا گیا۔تشدد کی حالیہ لہر گذشتہ ماہ شروع ہوئی تھی اور اس میں سب سے زیادہ جھڑپیں مقبوضہ بیت المقدس اور اس اطراف میں میں ہوئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :