یکم دسمبر 2016ء سے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی قانونی حیثیت ختم ہو جائے گی

منگل 20 اکتوبر 2015 09:10

کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20اکتوبر۔2015ء)وفاقی حکومت کی جانب سے 4 جون 2015ء کو جاری کردہ گزٹ نوٹی فکیشن کے مطابق یکم دسمبر 2016ء سے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی قانونی حیثیت ختم ہو جائے گی۔ اس لیے اب اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام باقی رہ جانے والے 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کو مرحلہ وار ختم کر دیا جائے گا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق 5 روپے کے نوٹ اور پرانے ڈیزائن کے 500 روپے کے نوٹ کی قانونی حیثیت پہلے ہی ختم ہو چکی ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بینک دولت پاکستان نے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ کی سیریز جاری کی تھی جس کا آغاز 2005ء میں 20 روپے مالیت کے بینک نوٹ کے اجرا سے ہوا تھا اور اس کا مقصد بینک نوٹوں کی سیکورٹی، پائیداری اور جمالیاتی معیار میں بہتری لانا تھا8 مختلف مالیتوں پر مشتمل نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی مکمل سیریز (5 روپے، 10 روپے، 20 روپے، 50 روپے، 500 روپے، 1000 روپے اور 5000 روپے) کے اجرا کا عمل 2008ء میں مکمل ہو ا تھا۔

(جاری ہے)

کمرشل اور مائیکروفنانس بینک 30 نومبر 2016ء تک 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی وصولی اور ان تمام مالیتوں کا اتنی ہی مالیت کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں اور سکوں سے تبادلہ جاری رکھیں گے تاہم ایس بی پی بی ایس سی کے فیلڈ دفاتر 31 دسمبر 2021ء تک عوام سے 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹ قبول کرتے رہیں گے۔بینکوں میں پرانے ڈیزائن کے تمام نوٹوں کے تبادلے کا آخری دن 30 نومبر 2016ء ہے۔ پرانے ڈیزائن کے تمام نوٹوں کی قانونی حیثیت یکم دسمبر 2016ء سے ختم ہو جائے گی جبکہ ایسے تمام بینک نوٹوں کے ایس بی پی بی ای سی کے فیلڈ دفاتر سے تبادلے کا آخری دن 31 دسمبر 2021ء ہے۔